رسائی کے لنکس

کراچی: غیرت کے نام پر دو خواتین قتل


فائل
فائل

یہ دو واقعات اورنگی ٹاؤن اور قائدآباد میں سامنے آئے، جہاں ایک بھائی نے اپنی بہن کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا، جبکہ دوسرے واقعے میں خاتون کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا

کراچی۔۔۔ شہر کراچی میں غیرت کے نام پر دو خواتین کو مبینہ طور پر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، قتل کی یہ لرزہ خیز وارداتیں بدھ کے روز کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اور قائد آباد میں پیش آئیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں پیش آنے والے پہلے واقع میں ایک بھائی نے اپنی بہن کو چھریوں کے وار کرکے ہلاک کیا۔

پولیس کے مطابق، ایک خاتون کو اورنگی ٹاؤن سے شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال لایا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسیں۔

تھانہ مومن آباد کے اسٹیشن ہاؤس افسر، صابر خٹک نے ’وائس آف امریکہ‘ کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ"اہل محلہ کے مطابق، نوجوان خاتون اپنے مکان کے دروازے پر کھڑی تھیں کہ اسکے بھائی کو شبہ ہوا کہ اُس نے کسی مرد سے بات کی۔‘‘

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ "بھائی نے غیر مرد سے اس طرح بات کرنے پر پہلے جھگڑا کیا اور پھر چھری یا چاقو سے خاتون کے اوپر کئی وار کئے جس سے وہ خاتون اپنے گھر کے باہر زخموں سے تڑپنے لگی‘‘۔

اطلاعات کے مطابق، اہل محلہ نے ایمبولینس بلا کر اسے اسپتال پہنچایا، جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئی، جبکہ ملزم بھائی کو پولیس نے جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا ہے۔

ایسا ہی ایک دلخراش واقعہ قائدآباد کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پسند کی شادی کرنے پر نوجوان خاتون قتل کردی گئی۔

علاقہ پولیس کے مطابق، مہر نامی خاتون نے تین سال قبل پسند کے شادی کی تھی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ مہر کو کسی قریبی رشتہ دار نے قتل کیا ہے۔ تاہم، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی مرتب کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں 2015 ء کے دوران 1100 خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی یہ تعداد گزشتہ برسوں کی نسبت کہیں زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG