رسائی کے لنکس

کراچی میں تشدد جاری ، مزید 6 افراد ہلاک


Karachi claims 6 lives
Karachi claims 6 lives

شہر کے مختلف علاقوں سے 6افراد کے مارے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں جبکہ اتوار کو رات گئے متحدہ قومی موومنٹ کا زخمی ہونے والا کارکن بھی پیر کو الصبح ہلاک ہوگیا

کراچی میں فائرنگ ، پرتشدد واقعات اور لاشیں ملنے کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے 6افراد کے مارے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں جبکہ اتوار کو رات گئے متحدہ قومی موومنٹ کا زخمی ہونے والا کارکن بھی پیر کو الصبح ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق پیر کے روز لانڈھی، کلری اور ناظم آباد سے ایک ایک لاش ملی ۔ ان لاشوں کو بوری میں بند کرکے مختلف علاقوں میں پھینک دیا گیا تھا۔ پولیس نے ان لاشوں کو مختلف سرکاری اسپتالوں میں پہنچایا ۔پولیس اور ڈاکٹرز کےمطابق ان افراد کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کے بعد انہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ فوری طور پر مرنے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ادھر اتوار کی شب بلدیہ ٹاوٴن میں زخمی ہونے والا متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن رفیق پیر کو دوران علاج ہی عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا۔ مقتول کی ہلاکت کے بعد بلدیہ ٹاوٴن میں حالات کشیدہ ہوگئے جس کے بعد انتظامیہ کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے علاقے میں رینجرز اور پولیس کا گشت بڑھا نا پڑا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رفیق دس بچوں کا باپ اور گھر کا واحد کفیل تھا۔ اس کی کسی سے دشمنی یا جھگڑا نہیں تھا۔ رفیق کی موت پر بلدیہ ٹاوٴن میں پیر کے روز دکانیں وکاروبار بند رکھا گیا۔

ادھر گارڈن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک 25 سالہ نوجوان سلطان ہلاک ہو گیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔ سرجانی ٹاؤن میں بھی ایک 50 سالہ شخص محمد اشرف کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت کا نتیجہ ہے۔

دریں اثناء میمن گوٹھ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر عرض محمد عرف کارو جھوکیو کو قتل کر دیا ۔

ناظم آباد کے علاقے اورنگ آباد کے ایک مکان سے خاتون کی 3روز پرانی لاش ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ لاش علاقہ مکینوں کی نشاہدہی پر برآمد کی گئی ہے ۔ موت کی وجہ کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی ۔
XS
SM
MD
LG