رسائی کے لنکس

کراچی لائف اسٹائل نمائش


نمائش میں چھوٹے بڑے ہر عمر کے افراد نے شرکت کی جن میں خواتین کی بڑی تعدادبھی موجود تھی

کپڑے، جوتے، زیورات، کھانے پینے کی متعدد پراڈکٹس اور گھریلو استعمال کی مختلف اشیا اگر آپ کو مناسب داموں میں ایک ہی چھت کے نیچے مل جائیں تو آپ ایک بار تو اس جگہ کا رخ ضرور کرینگے۔

کراچی کے شہریوں کو ایسا ہی ایک موقع 2013ء میں اُس وقت ملا جب کراچی لائف اسٹائل نمائش منعقد ہوئی۔

اس نمائش میں چھوٹے بڑے ہر عمر کے افراد نے شرکت کی جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

نمائش میں کپڑے، جوتے، جیولری، کاسمیٹکس، پرفیومز، فرنیچرز، کراکری، بچوں کے کھلونے اورکھانے پینے کی اشیا سمیت گھریلو استعمال کی چیزیں رکھی گئی تھیں۔


لائف اسٹائل نمائش میں خواتین کے کپڑوں اور جیولری اور ہاتھ کے بنے ڈیکوریشن پیس پر سب سے زیادہ رش دیکھنے میں آیا جن میں زیادہ تر اشیا خواتین فروخت کر رہی تھیں۔

خواتین کے ہاتھ کی کڑھائی اور ریڈی میڈ سوٹ ہر خصوصی ڈسکاؤنٹ کے باعث خواتین نے ایک کے بجائے نا صرف دو تین سوٹس خریدے بلکہ اس طرح سیلز وومن کو اپنی پراڈکٹس کی پروموشن کا بھی خوب موقع ملا۔

لائف اسٹائل میں لگنے والے خواتین کے ایک اسٹال میں موجود خاتون نے گفتگو میں بتایا کہ ’آج کل کے حالات میں کراچی کے شہریوں کیلئے یہ ایک اچھا پلیٹ فارم ہے جہاں خواتین اپنی چیزیں بلا خوف و خطر فروخت کر رہی ہیں۔ لائف اسٹائل نمائش نے اچھا موقع فراہم کیا ہے۔‘

ایک خاتون خریدار نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ اس طرح کی تقاریب کراچی میں ہوتی رہنی چاہئیں، جہاں ایک ہی چھت کے نیچے خواتین کو ساری اشیا مل جاتی ہیں، جبکہ عام بازاروں میں ہر چیز کیلئے مختلف دکانوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔‘

جیولری اور میک اپ کے اسٹالز بھی خواتین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

اس کے علاوہ، بچوں کی اشیا کیلئے بھی الگ الگ اسٹالز تھے جن میں بچوں کی رنگ برنگی تصویروں والی کتابیں رکھی گئی تھیں، جِن میں بچوں کی تفریح کیلئے غبارے، فیس پینٹنگ اور گیمز کا بھی انعقاد کیا گیا۔


لائف اسٹائل نمائش میں کھانے پینے کی اشیا کے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے، جن پر خصوصی ڈسکاونٹ ہونے پر فیملیز نے بڑی تعداد میں اِن کا رُخ کیا۔

اِن اسٹالز پر ڈسکاؤنٹ کے ساتھ خصوصی گفٹ آئٹمز دینے اور گیمز کھلانے کا بھی انتظام تھا جن میں لڑکے لڑکیوں اور بچوں نے بھرپور حصہ لیا۔ اسکے علاوہ قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات دینے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔


اس نمائش میں سندھ کی ثقافت کی اشیا بھی رکھی گئی تھیں جن میں شیشوں سمیت کڑھائی والے کپڑے، بیگز، پردے، کشن کورز سیٹ اور ڈنر سیٹ رکھے گئے تھے۔

نمائش کے آخری روز اتوار کے دن چھٹی ہونے کی وجہ سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد فیملیز نے لائف اسٹائل نمائش میں شرکت کی۔ ایکسپو سینٹر میں لگائے گئے اس نمائش میں ایکسپو کے تمام ہالز ہاؤس فل کا منظر یش کررہے تھے۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں لگائے گئے اس لائف اسٹائل نمائش 2013 ءکا اہتمام ڈان میڈیا گروپ کی جانب سے ہر سال ماہ فروری کے آغاز میں کیا جاتا ہے۔
XS
SM
MD
LG