رسائی کے لنکس

لیاری میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اضافی دستے تعینات


کراچی کے علاقے لیاری میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن ختم ہوئے آج چوتھا دن ہے لیکن ان چار دنوں میں بھی لیاری کا علاقہ کسی نہ کسی حوالے سے شہ سرخیوں میں رہا۔ مکینوں کے مطابق آپریشن کے اگلے دن ہی انہوں نے علاقے کے مختلف چوکوں پر رینجرز کو دیکھا تھا جبکہ آج ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے انتظامیہ نے فرنٹیئر کانسٹیبلری یعنی ایف سی بھی طلب کرلی ہے۔

لیاری اور اس سے متصل علاقوں میں فرنٹیر کانسٹیبلری کے اضافی اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔ خاص کر لیاری کے داخلی اور خارجی راستوں پر ایف سی کے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ لیمارکیٹ، موسی لین،ماڑی پور روڈ،مچھر کالونی اسٹاپ،ڈاکس اور کھارادر کے مختلف علاقوں میں ایف سی کے دستے تعینات ہیں،جو مشتبہ افراد اور گاڑیوں کو روک کر تلاشی لے رہے ہیں جبکہ پولیس کی نفری بھی اان کے ہمراہ ہے۔

نمائندے کو موصولہ اطلاعات کے مطابق لیاری میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے لئے نئی حکمت عملی طے کی گئی ہے جس کے تحت منگل کو اندرون سندھ سے ایف سی کے ایک ہزار جوانوں کو کراچی طلب کیاگیا جبکہ لیاری کے داخلی و خارجی راستوں پر 14 نئی چوکیاں بنانے کا فیصلہ بھی ہوچکا ہے۔ ایف سی کے جوانوں کو ان چوکیوں اور دیگر مقامات پر تعینات کیا جارہا ہے۔

منگل کو کچھ اس قسم کی اطلاعات بھی گردش کرتی رہیں کہ علاقے میں جلد چھاپہ مار کاروائیاں اور ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جانے والا ہے تاہم منگل کی شام تک کسی قسم کی کوئی کارروائی یا ٹارگٹڈ آپریشن شروع نہیں ہوسکا تھا۔

لیاری میں آٹھ روز تک پولیس آپریشن جاری رہنے کے بعد گزشتہ جمعہ کو اچانک بند کردیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے جرائم پیشہ افراد کوہتھیار ڈالنے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کے لئے 48گھنٹے کی مہلت دی تھی ۔ یہ مہلت بھی اتوار کی رات ختم ہوگئی تھی تاہم پیر اور منگل کورات تک آپریشن دوبارہ شروع نہیں ہوسکاتھا جبکہ سرکاری طور پر اس کی کوئی وجہ بھی اب تک سامنے نہیں آسکی ہے۔

واضح رہے کہ مہلت کے دوران نہ تو کسی نے لیاری میں کوئی اسلحہ پولیس کے پاس جمع کرایا اور نہ ہی کوئی گرفتاری ہی عمل میں آئی۔ حتیٰ کہ کسی بھی مجرم نے ازخود بھی گرفتاری پیش نہیں کی جیسا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جرائم پیشہ افراد اپنے اسلحہ سمیت خود کو پولیس کے حوالے کردیں ،انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا بصورت دیگر آپریشن دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

منگل کی صبح وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے لیاری کے عوام کو دہشت گردی کی کارروائیوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں دہشت گرد کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی کرسکتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے پولیس کو بھی الرٹ رہنے اور فضائی نگرانی کی ہدایات جاری کی تھیں۔

XS
SM
MD
LG