رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کی کال پر سندھ میں یوم سوگ


سندھ میں یوم سوگ کے موقع پر کاروبار، ٹرانسپورٹ اور تمام تعلیمی ادارے بند رہے

پاکستان کی ایک سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں جمعہ کو ایک بار پھر یوم سوگ منایاجا رہاہے۔

ایم کیو ایم نے اپنے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل اور اغوا کے خلاف یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا۔

یوم سوگ کے موقع پر ملک کے معاشی مرکز کراچی سمیت سکھر، حیدرآباد، میرپورخاص اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی تجارتی مراکز بند ہونے سے کاروبار زندگی معطل ہے۔

ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی یوم سوگ کی حمایت کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے صبح کے اوقات میں کراچی میں کئی سڑکوں پر گاڑیاں نا ہونے کے برابر تھیں جبکہ تمام پیٹرول اور سی این جی اسٹیشن بھی مکمل طور پر بند رہے۔


دوسری جانب جمعرات کو ایم کیو ایم کی طرف سے ہڑتال کے اعلان کے بعد تمام تعلیمی ادارے بھی مکمل بند ہیں اور مختلف یونیورسٹیوں میں جمعہ کو ہونے والے تمام پرچے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔

سندھ میں یوم سوگ منانے سمیت متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے اپنے کارکنوں کے قتل اور اغوا کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔


ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ایک بیان میں تاجروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا کہ وہ سہ پہر کے وقت اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیں۔
XS
SM
MD
LG