رسائی کے لنکس

سخت سیکیورٹی اور ہو کے عالم میں 9 محرم گزر گیا


سخت سیکیورٹی اور ہو کے عالم میں 9 محرم گزر گیا
سخت سیکیورٹی اور ہو کے عالم میں 9 محرم گزر گیا

کراچی میں آج ملک بھرکی طرح نویں محرم الحرام کے موقع پر عزاداروں کے ماتمی جلوس اور تعزئیے نکالے گئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے نہایت سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ جن علاقوں سے جلوس کو گزرنا تھا وہاں سیکیورٹی تقاضوں کو پورا کرنے کی غرض سے سب کچھ بند تھا۔ حتیٰ کہ چھوٹی سڑکوں اور گلی محلوں کو بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا ۔ جن علاقوں سے جلوسوں کو نہیں گزرنا تھا وہاں بھی کاروبار بند رہنے کی وجہ سے سارا دن سناٹا چھایا رہا اور تقریباً پورے شہر میں ہو کا عالم تھا۔

رینجرز نے جلوس کی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی کی اور جلوس کے راستوں میں آنے والی عمارتوں اور گلیوں پر سخت سیکیورٹی انتظامات کئے ۔ تمام راستوں کی اہلکاروں کی مدد سے چھان بین بھی کرائی گئی ۔ ممکنہ دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے کے لئے ہیلی کاپٹرز میں بھی مشین گنزنصب کی گئی تھیں۔ گولیمار چورنگی، ایم اے جناح روڈ، نشتر پارک، نمائش، صدر، لائٹ ہاوٴس، کھارادر، میٹھادر، ٹاور، بولٹن مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں وقفے و قفے سے دن بھر فضائی گشت جاری رہا۔ انتہائی سخت سیکیورٹی کے باعث شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

نومحرم الحرام کے حوالے سے آج مختلف علاقوں میں تعزیئے کے جلوس بھی نکالے گئے جبکہ مختلف علاقوں میں عقیدت مندوں کی جانب سے تیار کئے گئے تعزیوں کی زیارت کا سلسلہ بھی سرشام ہی شروع ہوگیا۔ دن بھر مجالس بھی ہوتیں رہیں۔ مغرب کے وقت شہر کی رضویہ امام بارگاہ سے نشان علم برآمد ہوا جو مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا لسبیلہ پہنچا۔

کل یوم عاشور ہے اور سیکورٹی کے انتظامات کل مزید سخت کردیئے جائیں گے ۔ کل نکلنے والے جلوسوں کے موقع پرٹریفک کے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔ کل مرکزی جلوس دوپہر ڈیڑھ بجے نشتر پارک سے شروع ہو کر سرشاہ نواز بھٹو روڈ، فادر جمنیس روڈ، محفل شاہ خراساں، ایم اے جناح روڈ، منسفیلڈ اسٹریٹ، پریڈی اسٹریٹ، بابائے اردو روڈ، نشتر روڈ، بارہ امام، الطاف حسین روڈ، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار، نواب محبت خانجی روڈ سے حسینیہ ایرانیہ امامیہ امام بارگاہ پہنچے گا۔

آج صبح 9بجے شیعہ علماء کرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو پہلے مارٹن روڈ امام بارگاہ اور پھر نشتر پارک پہنچا جہاں مرکزی مجلس منعقد ہوئی۔ تقریباً 12 بجے جلوس نشتر پارک سے شروع ہو کر مذکورہ راستوں سے ہوتا ہواحسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوا۔

کل یعنی دس محرم الحرام کو صبح سات بجے کے قریب نشتر پارک میں بڑی مجلس ہوگی جس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جومختلف علاقوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے روٹ پلان کے مطابق جیسے ہی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوگا شہر کی جانب سے آنے والا تمام ٹریفک متبادل راستوں کی جانب منتقل کردیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG