رسائی کے لنکس

سانحہ ِراولپنڈی کے خلاف کراچی میں بھی جمعہ کو احتجاج ہو گا


مختلف سیاسی و دینی جماعتیں جمعہ کو شہر بھر میں احتجاج کریں گی۔ اس حوالے سے شہر کی مجموعی صورتحال کیا ہوگی، پڑھئے اس تحریر میں۔

پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی جمعہ کو مختلف دینی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے سانحہ ِراولپنڈی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ وفاق المدارس العربیہ نے بھی ملک بھر میں پر امن احتجاج میں شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اہل ِسنت و الجماعت کے رہنما مولانا اورنگ زیب فاروقی نے بھی کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران احتجاجی ریلیوں کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج تمام سیاسی و دینی جماعتوں کا حق ہے۔

کراچی میں جمعہ کی نماز کے بعد گرومندر، نمائش چورنگی اور دیگر اہم جگہوں پر احتجاج ہوگا۔

دوسری جانب احتجاج سے متعلق خبروں کے تسلسل کے سبب جمعرات کو دن بھر تجارتی مراکز اور دفاتر میں یہ موضوع زیر بحث رہا۔ بیشتر لوگوں کو کسی انجانے خوف نے گھیرے رکھا جبکہ کچھ افراد ایسے بھی تھے جنہوں نے جمعہ کو گھروں تک محدود رہنے کاعندیہ ظاہر کیا۔

رات کے وقت میڈیا سے ڈبل سواری پر پابندی، حکومت ِپنجاب اور سندھ کی جانب سے سیکورٹی انتظامات میں غیر معمولی سختی کی خبروں اور ٹرانسپورٹرز و تاجر تنظیموں کے بیانات سے ماحول میں حالات کے حوالے سے مزید بے یقینی پھیل گئی۔

کراچی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد ادریس نے پریس کو جاری ایک اعلامیے میں کہا کہ جمعہ کو معمول کے مطابق شہر کی تمام الیکٹرونک مارکیٹس کھلی رہیں گی جبکہ آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا ہے کہ حالات دیکھ کر ٹرانسپورٹ چلانے یا نہ چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

صدر ہول سیل کیمسٹ کونسل محمد عاطف بلونے بھی تمام ہول سیل میڈیسن مارکیٹس کھلی رہنے کا اعلان کیا ہے تاہم انہوں نے انتظامیہ سے مارکٹس کی سیکورٹی کے لئے اضافی پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آل پرائیوٹ اسکولز ایسوی ایشن کے صدر خالد شاہ نے نجی جبکہ حکومت سندھ کے ترجمان نے تمام سرکاری اسکول معمولی کے مطابق کھلنے ک ااعلان کیا ہے۔

ادھر انتظامیہ نے شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کو تمام ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی سخت رکھی جائے گی۔ حساس مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب سے گزرنے والے راستوں کو نماز جمعہ کے اوقات کے دوران بند رکھا جائے گا۔

کراچی میں رات کے بارہ بجتے ہیں 24 گھنٹوں کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ پولیس اور رینجرز کی نفری اور گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والی تنظیم ”مجلس وحدت مسلمین“ نے نماز جمعہ کے بعد” عظمت نواسائے رسول“ اور ”یوم امن“ منانے اور ملک بھر کی مساجد کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے جبکہ شیعہ علما کونسل کی جانب سے کئے جانے والا احتجاج ملتوی کردیا گیاہے۔
XS
SM
MD
LG