رسائی کے لنکس

کراچی میں کشید گی برقرار، لیاری امن کمیٹی کے زیراہتمام احتجاجی ریلی


ریلی کے شرکاء نے الزام لگایا کہ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ یا ایم کیو ایم کے دباؤ میں آ کرلیاری میں رینجرز کا آپریشن شروع کر رکھا ہے

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات سے سب سے زیادہ متاثرہونے والے علاقے لیاری کی امن کمیٹی کے زیراہتمام پیر کو ایک احتجاجی ریلی منعقد کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا ء نے الزام لگایا کہ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ یا ایم کیوایم کے دباؤ میں آکرلیاری میں رینجرز کا آپریشن شروع کر رکھا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مبینہ طور پر اُن کے گھروں میں گھس کر مقامی رہائشیوں کو تنگ کر رہے ہیں۔

مظاہر ین کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا لیکن اب سیاسی دباؤ کے تحت حکومت اُن کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، اُنھوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ شہر میں سیاسی بنیادوں پر ہونے والی ہلاکتوں میں ایم کیوایم ملوث ہے اور سیاسی مفادات کے باعث حکومت اُن کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ ریلی کے منتظمین نے الزام لگایا کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور شیلنگ کی۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کراچی میں رینجرز کو اضافی اختیارات دینے کی مخالفت کی ہے۔

حکمران پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے شہر میں ہونے والے حالیہ تشدد کے واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے کارکنوں کی ہلاکتوں کے پیچھے اُن کے بقول جرائم پیشہ افراد کا ہاتھ ہے جو حکمران اتحاد میں پھوٹ کر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

خیال ہے کہ مرکز اور صوبے میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان اس مسئلے پر اختلافات ختم کرانے کے لیے ایک روز قبل گورنر عشرت العباد کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے ایم کیو ایم کے رہنماء فاروق ستار کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ دونوں جماعتوں نے کشیدگی ختم کرنے اور مفاہمت کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے باہمی مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔

اجلاس کے بعد یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور شہر کی صورت حال کے بارے میں صرف چار افراد بیان دینے کے مجاز ہوں گے جن میں سندھ کے گورنر اور وزیراعلٰی کے علاوہ ایم کیوایم کے سینئر رہنما فاروق ستار اور وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک شامل ہیں۔

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات میں 40 سے زائد افراد مارے گئے ہیں اور پولیس کا حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کے کارکن شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG