رسائی کے لنکس

کراچی ، ایک ماہ میں رینجرزکے25 آپریشنز، ناجائز اسلحہ برآمد 80 ملزمان گرفتار


کراچی ، ایک ماہ میں رینجرزکے25 آپریشنز، ناجائز اسلحہ برآمد 80 ملزمان گرفتار
کراچی ، ایک ماہ میں رینجرزکے25 آپریشنز، ناجائز اسلحہ برآمد 80 ملزمان گرفتار

کراچی میں ناجائز اسلحہ اور جرائم پیشہ افراد کی بھر کے سبب' امن' یرغمال بنا ہوا ہے ۔امن کی بحالی کے لئے وفاقی و صوبائی حکام بالا کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ رینجرز کو خصوصی اختیارات دیئے جائیں سو ایسا ہی ہوا۔ رینجرز نے خصوصی اختیارات کے ساتھ پولیس کے ہمقدم ہوکر25 اگست سے شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری اورناجائز اسلحہ کی برآمدگی کے لئے آپریشنز کئے ۔ان آپریشنز ، چھاپوں اوردیگر مختلف کارروائیوں کو ایک ماہ گزر چکا ہے۔ اس ایک ماہ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کس حد تک کامیاب رہے آیئے ذیل میں اس کا مختصر جائزہ لیاجائے:

'پچیس 'اگست سے' پچیس 'ستمبر تک' پچیس' آپریشنز

رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں تعینات رینجرزکے ترجمان کرنل شفیق نیازی کے مطابق کراچی میں امن کے قیام کے لئے خصوصی اختیارات کے بعد پاکستان رینجرز نے 25 اگست سے 25 ستمبر تک 25 بڑے آپریشنز کئے۔پچیس، پچیس کی یہ تکرار محض ایک اتفاق ہے جسے' ایک حسین اتفاق' بھی کہاجاسکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایک ماہ کی مدت میں خفیہ اطلاعات پر 67 چھاپے بھی مارے گئے جن میں 900 سے زاہد ہتھیار اور 25 ہزار ایمونیشن برآمد کیا گیا ۔ کارروائیوں کے دوران حراست میں لیے گئے 80افراد کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ پیر کوپولیس نے شہرکے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے آٹھ ٹارگٹ کلرز سمیت سنگین جرائم میں ملوث آٹھ ہی ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ۔

خصوصی ہیلپ لائن، جرائم پیشہ افراد سے متعلق اطلاعات

کرنل شفیق نیازی کے مطابق آئندہ تین سے چار روز میں پاکستان رینجرز سندھ کی خصوصی ہیلپ لائن قائم کر دی جائے گی جس پر شہری جرائم پیشہ افراد سے متعلق معلومات رینجرز کو فراہم کرسکیں گے جبکہ اسی ہیلپ لائن پر آپریشن کے دوران رینجرز سے متعلق شکایات بھی درج کرائی جاسکیں گی۔خصوصی ہیلپ لائن پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف معلومات فراہم کرنے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے اور یہ معلومات صرف رینجرز تک محدود رہیں گی۔

ایک سو اٹھائیس افغانی گرفتار

کرنل شفیق کے مطابق اسنیپ چیکنگ کے دوران 128 افغان باشندے بھی گرفتار ہوئے ۔اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر منشیات بھی برآمد کی گئی ۔ ترجمان کے مطابق صنعت کاروں سے ملاقات کے بعد کراچی کے بڑے صنعتی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور پولیس کے ساتھ مل کر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

ٹارگٹ کلرز ار جرائم پیشہ افراد گرفتار

پیر کو پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین جرائم میں ملوث آٹھ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے نیوکراچی انڈسٹریل ایریاتھانے کی حدود سے ایک شخص کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیاجس نے ابتدائی تفتیش میں نو افراد کے قتل کا اعتراف کیا۔دو اور ملزمان، زمان ٹاؤن تھانے کی حدود سے گرفتار کئے گئے ۔ان پر پانچ افراد کے قتل کا الزام ہے ۔ ان کے قبضے سے اسلحہ کے علاوہ بھتے کی پرچیاں بھی برآمد ہوئیں ۔

ادھر سی آئی ڈی پولیس نے بلدیہ ٹاؤن اور گلشن اقبال میں کارروائی کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا ۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے چھ افراد کو قتل کیا ، ایک ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جا رہا ہے ۔

XS
SM
MD
LG