رسائی کے لنکس

کراچی والوں کے لئے تحریک انصاف کی منفرد تشہیری مہم


کراچی والوں کے لئے تحریک انصاف کی منفرد تشہیری مہم
کراچی والوں کے لئے تحریک انصاف کی منفرد تشہیری مہم

کراچی باسیوں کو آج کل اٹھتے بیٹھتے عمران خان کی ’فون کالز‘ موصول ہورہی ہیں۔ اگر آپ کراچی کے رہائشی ہیں یا کراچی میں مقیم ہیں تو ہوسکتا ہے آپ کو عمران خان کی وہ کال موصول ہوچکی ہوجس میں وہ کہتے ہیں ۔۔۔”میں عمران خان بول رہا ہوں۔۔۔۔۔آپ کیسے ہیں؟ 25 دسمبر کو میں آپ کے شہر میں جلسہ کرنے آرہا ہوں، میں آپ کواس جلسے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں‘‘

پاکستان یاکراچی میں کسی سیاسی جلسے کی اس انوکھے اور نہایت موٴثر انداز کی تشہیری مہم نئی ہونے کے ساتھ ساتھ ہر خاص و عام کے لئے دلچسپی کا بھی باعث ہے۔جسے بھی یہ کال موصول ہوتی ہے وہ مسکرا اٹھتا ہے ۔جیسے ہی فون پر یہ الفاظ سنائی دیتے ہیں کہ” میں عمران خان بول رہا ہوں“۔۔۔ اوردرمیان میں ذرا سا وقفہ آتا ہے، فون موصول کرنے والا فوراً متوجہ ہوتا اور سلام کا جواب دیتا ہے ۔۔پھر جیسے ہی اسے یہ احساس ہوتا ہے کہ یہ ریکارڈڈ کال ہے، وہ اپنی ’بیتابی ‘پر خود ہی خود ہنس پڑتا ہے ۔

کراچی کے ایک شہری سعید احمد کا کہنا ہے کہ ”یہ بالکل نرالا طریقہ ہے‘‘۔“ ایک اور شہری سید اسلم کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے جلسے کی تشہیر کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور بہترین آئیڈیا استعمال کیا ہے۔ اسے کہتے ہیں جدید ٹیکنالوجی سے پوری طرح فائدہ اٹھانا۔

کراچی کے ہی ایک نوجوان ذیشان عزیز اس حوالے سے ایک دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہتے ہیں” پرسوں بس میں ان کے برابر والی نشست پر بیٹھے ایک صاحب کو اچانک یہ کال موصول ہوئی تو انہوں نے عمران خان کا نام سنتے ہی اپنا غصہ اتارنا شروع کردیا۔ اپنے مخصوص انداز میں بولے” اوے ۔۔۔ تم کیسا غیرت مند آدمی کا بچہ ہے۔ تم کو بڑھتا ہوا مہنگائی دکھائی نہیں دیتاجو ۔۔۔“غالباً اس وقت تک وہ سمجھ گئے ہوں گے کہ اصل ماجرہ کیا ہے۔ لہذا، فوراً موبائل کا ن سے ہٹاتے ہوئے شرمندگی کے سے انداز میں مسکرائے اور کہنے لگے ” کمال کا آدمی ہے ۔اس کو ہمارا نمبر کدھر سے ملا؟“

ترقی یافتہ ملکوں میں اکثر کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لئے یہ طریقہ استعمال کرتی ہیں اور ان کے شہریوں کے لئے یہ کوئی کمال کی بات بھی نہیں لیکن پاکستان میں اس کا نیا استعمال لوگوں کی دلچسپی کا باعث بن رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کال کے چرچے گھر گھر اور دفتر دفتر سنائی دے رہے ہیں ۔ جسے بھی یہ کال موصول ہوئی اس نے اس کا تذکرہ دوسروں سے ضرور کیا اور یوں یہ کال ایک ایسی مضبوط اور انتہائی موثر ذریعہ ابلاغ بن گئی ہے کہ جسے شخص کو ابھی تک یہ کال موصول نہیں ہوئی اسے بھی کال کا انتظار اور اپنے فون پر عمران کی آواز سننے کا اشتیاق ہوگیا ہے۔

شہر کی ایک خاتون رہائشی روبینہ مظہر نے تو عمران خان کی کال موصول ہونے پر اس قدر خوشی کا اظہار کیا کہ انہوں نے اس کی اطلاع کے لئے اپنے میکے کے ایک ایک فرد اور سسرال والوں تک کو خود فون پر اس کال سے متعلق مطلع کیا۔

شہر قائد کے ہی ایک اور رہائشی زبیر ابراہیم نے وی او اے سے تبادلہ خیال میں اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں بھی یہ کال مل چکی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے 25 دسمبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لئے لاہور کی ایک اشتہاری کمپنی سے معاہدہ کیا ہے جو موبائل کمپنیوں اور لینڈ لائن کے ذریعے عمران خان کے جلسے کی تشہیری مہم چلارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں جس نمبر سے کال آئی تھی اس پر فون کیاتو اانہیں معلوم ہوا کہ کوئی اشتہاری کمپنی اس مہم کو کامیابی سے چلائے ہوئے ہے۔

XS
SM
MD
LG