رسائی کے لنکس

کراچی: لیاری میں پولیس و رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری، 14 ملزم گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لیاری میں گینگ وار کی جاری کشیدگی کے باعث شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جبکہ کاروباری زندگی مکمل بند اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت نہ ہونے کے برابر ہے۔

کراچی کے علاقے لیاری میں کشیدگی کے دوران 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ شہر کے پرانے علاقوں میں شمار ہونے والے 'لیاری' کے علاقے میں گزشتہ روز سے جاری کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔

لیاری گینگ وار سے نمٹنے کیلئے متاثرہ علاقوں میں پولیس و رینجرز کا مشترکہ گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ نجی چینلز پر نشر ہونے والی خبروں کے مطابق گرینڈ آپریشن میں پولیس اور رینجرز سمیت حساس ادارے بھی شریک ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق لیاری کے مختلف علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور پولیس و رینجرز نے لیاری میں چھاپوں کے دوران 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان ملزمان سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ آپریشن سے متاثرہ علاقوں کے رہائشی افراد کی نقل ِ مکانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب ہفتے کے روز لیاری کے متعدد علاقوں میں فائرنگ، راکٹ حملوں اور دستی بموں کے حملوں کا سلسلہ جاری رہا جسکے نتیجے میں 10 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

لیاری کے علاقے چاکیواڑہ، پھول پتی لین، چیل چوک اور دیگر علاقوں میں کشیدگی کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔ لیاری میں گینگ وار کی جاری کشیدگی کے باعث شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جبکہ کاروباری زندگی مکمل بند اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت نہ ہونے کے برابر ہے۔

واضح رہے کہ لیاری کے مختلف علاقوں میں جاری کشیدگی کے باعث گزشتہ روز بھی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG