رسائی کے لنکس

کراچی: بم دھماکے کے خلاف یوم سوگ، معمولات زندگی معطل


ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے نمازہ جمعہ کے بعد کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بازار کھلنے شروع ہو گئے۔

پاکستان کے ساحلی شہر اور ملک کے اقتصادی مرکز کراچی میں جمعرات کو متحدہ قومی موومنٹ ’ایم کیو ایم‘ کے ایک انتخابی دفتر کے قریب بم دھماکے میں چھ افراد کی ہلاکت کے بعد جمعہ کو شہر میں یوم سوگ منایا گیا۔

ایم کیو ایم نے بم دھماکے کے خلاف کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر شہروں میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا۔

کراچی کے علاوہ صوبہ سندھ کے دیگر اضلاع میں کاروباری مراکز بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک نا ہونے کے برابر تھا۔

جمعہ کی صبح پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، تعلیمی ادارے اور نجی دفاتر بھی بند رہے۔ ایم کیوایم کی ہڑتال کی کال میں ٹرانسپورٹرز اور تاجر یونینز نے بھی شرکت کا اعلان کیا تھا۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے نمازہ جمعہ کے بعد کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بازار کھلنے شروع ہو گئے۔

جمعرات کو نارتھ کراچی کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کے باہر ایک دھماکا کیا گیا تھا۔

ادھر کراچی کے علاقے لانڈھ میں جمعہ کو عوامی نیشنل پارٹی کے اُمیدوار عبدالرحمان کی گاڑی پر کریکر بم حملہ کیا گیا تاہم اے این پی کے اُمیدوار اس میں محفوظ رہے۔

سلامتی کے خدشات کے باعث ملک کے کئی دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی بھرپور انتخابی سرگرمیاں شروع نہیں ہو سکی ہیں۔
XS
SM
MD
LG