رسائی کے لنکس

کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 10 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہ تشدد کی تازہ لہر کے بعد چھاپے اور گرفتاریوں سے متعلق رینجرز کے اختیارات میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں کم ازکم 10 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ ایک درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق جمعہ کو نصف شب کے قریب کراچی کے شمال میں ڈسکو موڑ پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک ہوٹل پر بیٹھے لوگوں پر فائرنگ کر دی جس میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

شہر کے اسی حصے میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں تین افراد لقمہ اجل بن گئے۔
اس سے قبل فیڈرل بی ایریا میں بھی نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک کر دیا۔

فائرنگ کے واقعات کے بعد کراچی کے علاقے شاہراہ پاکستان پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے ٹریفک کو کچھ دیر کے لیے معطل کر دیا۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری کو علاقے میں بھیجا گیا جس کے بعد صورت حال معمول پر آ گئی۔

سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ کراچی میں تشدد کی تازہ لہر کے بعد چھاپے اور گرفتاریوں سے متعلق رینجرز کے اختیارات میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے جب کہ مختلف حساس علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG