رسائی کے لنکس

شادی کے بعد کرینہ کپور کی پہلی فلم ’ستیہ گرہ‘ ریلیز ہو گئی


آج ہی کراچی میں ایک نئے ملٹی پلیکس سنیما ”نیو پلیکس“ کا افتتاح بھی ”ستیہ گرہ“ سے ہوا ہے جس میں پاکستان میں پہلی مرتبہ متعارف ہونے والی سہولتوں سے آراستہ پانچ تھری ڈی اور سب سے بڑی اسکرینز لگی ہوئی ہیں۔

سب سے زیادہ خبروں میں رہنے والی فلم ”ستیہ گرہ“ آج بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ریلیز ہو گئی۔ فلم کی سب سے پہلی وجہ شہرت اس کی بڑی کاسٹ ہے جس میں بگ بی امیتابھ بچن، اجے دیوگن، ارجن رامپال، کرینہ کپور اور امریتا راؤ شامل ہیں جبکہ پرکاش جھا کا نام بھی کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان کے کریڈیٹ پر کئی بڑی بڑی فلمیں ہیں۔

فلم کی دوسری اہم وجہ شہرت کرینہ کپور ہیں۔ شادی کے بعد ریلیز ہونے والی یہ ان کی پہلی فلم ہے۔ کرینہ کے لاکھوں پرستار عرصے سے ان کی کسی نئی فلم کے منتظر تھے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ فلم اچھا بزنس کرلے گی۔

پاکستان کی بات کریں تو یہاں بھی ”ستیہ گرہ“ کو ہاتھوں ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔ یوں بھی اسے ایک بڑا بینر ”جیوفلمز“ ریلیز کررہا ہے۔ کراچی کے تمام نئے اورجدید ترین ٹیکنالوجی رکھنے والے سنے پلیکس میں اس کی نمائش آج سے شروع ہو گئی ہے۔

آج ہی کراچی میں ایک نئے ملٹی پلیکس سنیما ”نیو پلیکس“ کا افتتاح بھی ”ستیہ گرہ “ سے ہوا ہے جس میں پاکستان میں پہلی مرتبہ متعارف ہونے والی سہولتوں سے آراستہ پانچ تھری ڈی اور سب سے بڑی اسکرینز لگی ہوئی ہیں۔

ادھرلوگ کرینہ سے فلم سے زیادہ ان کی شادی کے بارے میں ڈسکس کرنا چاہتے ہیں۔ کرینہ نے اپنے پرستاروں کو مطمئن کرنے کے لئے حال ہی میں ’ہندوستان ٹائمز‘ کو ایک انٹرویو دیا ہے جس کے کچھ اقتباسات ذیل میں درج ہیں:

شادی کے بعد کچھ نہیں بدلا،کرینہ کپور
پٹودی کے نواب اور بالی وڈ کے میگا اسٹار سیف علی خان سے بیاہ رچانے والی بیوٹی کوئن کرینہ کپور زندگی سے خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد بھی ان کی زندگی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔

اکتوبر 2012 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی کرینہ کپور نے ہندوستان ٹائمز سے بات چیت میں کہا کہ وہ اور سیف ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور اس محبت کو امر کرنے کے لئے ہی شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ سیف کا طورطریقہ، رویہ اور مزاج بالکل ویسا ہی ہے جیسا شادی سے پہلے تھا اور مجھے امید ہے وہ ہمیشہ ایسے ہی رہیں گے۔

کرینہ نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ شادی کے بعد سب کچھ تبدیل ہو جاتا ہے لیکن ہمارے کیس میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔ ہم دونوں کو ہی حیرت ہوتی ہے جب لوگ سوال کرتے ہیں کہ شادی کے بعد کیا تبدیلی آئی۔

عام تاثر یہ ہے کہ شادی کے بعد ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں لیکن کرینہ کا خیال مختلف ہے۔ان کے نزدیک ”شادی سے پہلے اور بعد کی زندگی میں کوئی فرق نہیں“۔ کرینہ کہتی ہیں ” میں اسکول کے زمانے سے ہی بہت ذمے دار تھی۔ پہلے میری فیملی، میری ماں اور بہن کرشمہ کپور میری ذمے داری تھے اور اب سیف ہیں حالانکہ سیف بذات ِخود بہت ذمے دار اور میچور ہیں۔

یکساں حقوق اور بیلنس پر یقین رکھنے والی کرینہ کے لئے محبت اور کام دونوں ایک جتنی اہمیت رکھتے ہیں اور ان دونوں کو بخوبی ساتھ لے کر چل رہی ہیں۔

کرینہ کے مطابق” محبت کرنے میں کوئی برائی نہیں۔ پتا نہیں کیوں لوگ محبت کو کیرئیر سے مشروط کرتے ہیں۔ محبت تو سانس کی طرح زندگی کے لئے ضروری ہے۔ کسی ایک شخص سے محبت کا کام پر اثر انداز ہونا عجیب سی بات ہے۔ مجھے اپنی فیملی، اپنی ماں سے بہت محبت ہے اور اس کے باوجود میں اپنے پروفیشن سے انصاف کر رہی ہوں اور اس میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں۔
XS
SM
MD
LG