رسائی کے لنکس

دیوالی پر کرینہ کپور ’پٹاخہ‘ کی مانگ میں زبردست اضافہ


آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی کمپنیوں نے اپنا سامان زیادہ سے زیادہ بیچنے اور شہرت کمانے کے لئے پٹاخوں وغیرہ کے نام نہ صرف فلمی ہیرو اور ہیروئنز کے نام سے منسوب کردیئے ہیں بلکہ پٹاخوں کے ڈبوں اور دیگر پیکنگ پر ان ہیروئنز کی تصویریں بھی چھاپ دی ہیں ۔

بھارت میں ان دنوں کرینہ کپور سب سے زیادہ بکنے والا ’پٹاخہ‘ بن چکی ہیں،پریانکا چوپڑا ’پھول جھڑی اور کہاں‘،اور کترینہ کیف ’بم‘ ہے، بپاشا باسو ’ زور دار راکٹ ‘اور دپیکا پڈکون روشنیاں بکھیرنے والا ’انار‘ ۔۔۔یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ سارے بھارت میں یہی کہاجارہا ہے۔۔پریشان نہ ہوں دراصل یہ وہ فقرے ہیں جو آج کل بھارت کی آتش بازی کا سامان بیچنے اور خریدنے والوں کے درمیان بولے جارہے ہیں۔

بھارت ان دنوں اپنا سب سے بڑا تہوار’ دیوالی ‘ بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریوں میں ہے۔ اس تہوار کی سب سے خاص بات وہ آتش بازی ہے جو دیوالی کی رات کی جاتی ہے اور جس پر کروڑوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں۔

آتش بازی کے لئے مہنگے سے مہنگے اور ایک سے بڑھ کر ایک بم، پٹاخے اور پھول جھڑیاں خریدنے کا کام ہفتوں پہلے شروع ہوجاتا ہے ۔ ہر خاص و عام ، امیر اور غریب پٹاخوں کے لئے کچھ نہ کچھ رقم ضرور مختص کرتا ہے۔۔خاص کر نوجوان اور بچے۔

لہذا آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی کمپنیوں نے اپنا سامان زیادہ سے زیادہ بیچنے اور شہرت کمانے کے لئے پٹاخوں وغیرہ کے نام نہ صرف فلمی ہیرو اور ہیروئنز کے نام سے منسوب کردیئے ہیں بلکہ پٹاخوں کے ڈبوں اور دیگر پیکنگ پر ان ہیروئنز کی تصویریں بھی چھاپ دی ہیں ۔ بعض تصویریں تو اس کچھ اس ’طرح ‘کی ہیں کہ دیکھنے والا انہیں خریدے بغیر رہ ہی نہ سکے۔

بھارتی میگزین ”انڈیا ٹوڈے “کی ایک خبر کے مطابق کرینہ کپور کے نام سے منسوب کیا جانے والا پٹاخہ سب سے زیادہ خریدا اور ہاتھوں ہاتھ لیاجارہا ہے۔ میگزین کا کہنا ہے کہ پٹاخوں پر چھپی کرینہ کپور کی تصویر ’غضب‘ ڈھارہی ہے۔

بھارتی مارکیٹس کرینہ کے علاوہ پریانکا چوپڑا، دپیکا پڈکون، آسین، سوناکشی سنہا اور ایشوریہ رائے کے ناموں پر مبنی پٹاخوں سے بھری پڑی ہے ،جن کی قیمتیں 500روپے سے 10ہزار روپے تک ہے لیکن اس کے باوجود ”کرینہ پٹاخہ“کی سب سے زیادہ ڈیمانڈ میں ہے۔

بالی ووڈ کے علاوہ ہالی ووڈ فنکاروں کے نام بھی اس بار پٹاخوں اور دیگر سامان آتش بازی کے ساتھ منسوب کردیئے گئے مثلاً انجلینا جولی وغیرہ۔ لیکن مارکیٹ کا رجحان دیکھیں تو کرینہ کپور نے یہاں بھی سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔
XS
SM
MD
LG