رسائی کے لنکس

ایکٹنگ اور فیشن ورلڈ میں راج کرنے والی اسٹائل کی ملکہ کرینہ کپور نے ایک نیا ’اوتار‘ اختیار کیا۔ ان سب کی آسانی کے لئے جو ان جیسا گلیمرس اور اسٹائلش نظر آنا چاہتے ہیں

بالی ووڈ ڈیوا کرینہ کپور کے اسٹائل اور گلیمرس لُکس کی ایک دنیا دیوانی ہے۔ وہ جوبھی پہن لیں، جو انداز اپنا لیں، اگلے دن وہ ’فیشن اسٹیٹمنٹ‘ بن جاتا ہے ۔۔ لیکن کرینہ جیسا گلیمرس دکھائی دینا اتنا آسان بھی نہیں۔ ہردم رنگ بدلتی فیشن کی دنیا میں ’ان اور اسٹائلش‘ رہنے کے لئے کافی پاپڑ بھی بیلنے پڑتے ہیں۔

ایکٹنگ اور فیشن ورلڈ میں راج کرنے والی اسٹائل کی ملکہ کرینہ کپور نے ایک نیا ’اوتار‘ اختیار کیا۔ ان سب کی آسانی کے لئے جو ان جیسا گلیمرس اور اسٹائلش نظر آنا چاہتے ہیں اور فیشن اور اسٹائل پر لکھ ڈالی ایک کتاب ’دی اسٹائل ڈائری آف بالی وڈ دیوا‘ کے نام سے۔

بھارتی ویب سائٹ ’گلیم شیم‘ کے مطابق اپنی کتاب کی لانچنگ تقریب کے موقع پر کرینہ نے اعتراف کیا کہ ہروقت اسٹائلش دکھائی دینا آسان کام نہیں اور یہ آپ پر بھاری ذمہ داری بھی ڈال دیتا ہے کیونکہ کرڑوں فینز آپ کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔

کرینہ کا کہنا ہے کہ روشیل پنٹو کے ساتھ مل کر لکھی گئی ان کی کتاب میں ہر کسی کے لئے کچھ نہ کچھ ہے۔ فیشن اور اسٹائل سے متعلق بہت مفید’ٹپس‘ ’اسٹائل ڈائری ‘ میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 14سے35 سال تک کی عمر کے لوگوں کے لئے تو کچھ نہ کچھ مل ہی جاتا ہے لیکن میرے شوہر یعنی سیف علی خان تو ’فورٹی پلس‘ ہیں، تو میں نے سوچا کہ اس ایج گروپ کے لوگوں کے لئے بھی تو ٹپس ہونے چاہئیں ناں۔۔

کرینہ نے کتاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کتاب لکھنے کا آئیڈیا تو دور دور تک کہیں تھا ہی نہیں۔۔ "جب رائٹر شوبھا ڈے نے مجھ سے کتاب لکھنے کو کہا تو میں نے سوچا جب میں ساٹھ سال کی ہوجاوٴں گی تو پھر کتاب لکھوں گی۔۔ اگر اب سے بیس سال بعد کچھ بہت زبردست اور دلچسپ ہو گیا تو؟ لیکن پھر یہ شوبھا ہی تھیں جنہوں نے مجھے سمجھایا کہ دراصل یہ اسٹائل ڈائری ہو گی۔۔‘

کرینہ کا کہنا ہے کہ اسٹائل ڈائری میں نے اپنے تجربات شیئر کئے ہیں اسی لئے جیسے جیسے لوگ یہ کتاب پڑھیں گے وہ میرے بارے میں اور اچھی طرح جانتے چلے جائیں گے۔

کرینہ کی کتاب اس وقت مارکیٹ میں ’ہاٹ کیک‘ بنی ہوئی ہے اور اگر یہی ٹرینڈ جاری رہا تو وہ دن دور نہیں جب بالی وڈ کی دوسری ہیروئنز میں کتاب لکھنے کا مقابلہ شروع ہوجائے گا۔
XS
SM
MD
LG