رسائی کے لنکس

امریکہ افغان مکالمہ: کرزئی، کلنٹن کی طرف سے نتائج کی تعریف


صدر کرزئی جمعرات ہی کےدِن، گیٹس، رابرٹ مُلن اور جنرل میک کرسٹل کے ہمراہ آرلنگٹن کے قبرستان میں جنگ میں کام آنے والے فوجیوں کی قبروں پرگئے

دورے پر آئے ہوئے افغان صدر حامد کرزئی اور امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے جمعرات کے روز امریکہ افغان ڈائلاگ کے نتائج کی تعریف کی۔

مسٹر کرزئی اور وزیر ِ خارجہ کلنٹن نے کہا کہ سہ روزہ مذاکرات کے باعث باہمی تعلقات میں بہتری آئی ہے، جو حالیہ مہینوں کے دوران دونوں فریقین کی جانب سے تلخ بیانی کے نتیجے میں کشیدہ ہوگئے تھے۔

کلنٹن نے صدر کرزئی کے دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیا، اور آئندہ جولائی تک سکیورٹی کی ذمہ داریاں اتحادی افواج سے افغان فوجوں کو شرائط پر مبنی منتقلی کے سلسلے میں اوباما انتظامیہ کے منصوبوں کا آغاز کرنے کا اعادہ کیا۔اُنھوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے امریکی عزم میں کوئی کمی واقع نہیں ہو گی۔

افغان رہنما نے کہا کہ امریکہ افغان مکالمے کے نتیجے میں متعدد معاہدے سامنے آئے، بشمول اُس معاہدے کے جس میں اتحاد کی طرف سے چلائے جانے والے فوجی قیدخانوں کو افغان کنٹرول میں دینا شامل ہے۔

اُنھوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ اُن کے عہدے کی دوسری مدت پوری ہونے سے قبل ہی افغان افواج سارے ملک کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال چکی ہوں گی۔

اِس سے پیشتر جمعرات کے ہی دِن،مسٹر کرزئی نے امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس سے ملاقات کی۔ بعد میں وہ گیٹس، رابرٹ مُلن اور جنرل میک کرسٹل کے ہمراہ آرلنگٹن کے قبرستان میں جنگ میں کام آنے والے فوجیوں کی قبروں پرگئے۔

مسٹر کرزئی نے منگل کے روز زخمی امریکی فوجیوں سے ملاقات کی تھی اور اُنھوں نے افغانستان کے لیے امریکی تعاون اور طالبان کے خلاف جنگ میں امریکی فوجیوں کی قربانیوں پر اظہار تشکر کیا۔

XS
SM
MD
LG