رسائی کے لنکس

پاکستان میں تعینات افغان سفیر وزیرِ داخلہ مقرر


فائل
فائل

عمر داؤد زئی کے بارے میں عام رائے ہے کہ وہ آئندہ سال اپریل میں افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں بطورِ امیدوار حصہ لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر داؤد زئی کو ملک کا نیا وزیرِ داخلہ نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو کابل میں صدارتی محل سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ کے مطابق عمر داؤد زئی موجودہ وزیرِ داخلہ غلام مجتبیٰ پتنگ کی جگہ سنبھالیں گے جن کی برطرفی کی افغانستان کی پارلیمان نے سفارش کی تھی۔

صدارتی اعلامیے کے مطابق دارالحکومت کابل کے پولیس سربراہ جنرل ایوب سالانگی کو نائب وزیرِ داخلہ مقرر کیا گیا ہے۔

عمر داؤد زئی کے بارے میں عام رائے ہے کہ وہ آئندہ سال اپریل میں افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں بطورِ امیدوار حصہ لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

داؤد زئی پاکستان میں سفیر تعینات ہونے سے قبل صدر کرزئی کے چیف آف اسٹاف کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور افغان صدر کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔

اس سے قبل اتوار کو صدر کرزئی نے سکیورٹی عہدیدار رحمت اللہ نبیل کو افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی 'نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی' کا عبوری سربراہ نامزد کیا تھا۔

افغان آئین کے تحت دونوں عہدیداران کو اپنے عہدے سنبھالنے کے بعد دو ماہ کے اندر اندر افغان پارلیمان سے اپنی نامزدگی کی توثیق درکار ہوگی۔

افغان پارلیمان نے ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور بدعنوانی پر قابو پانے میں ناکامی کے الزامات کے تحت جولائی میں وزیرِ داخلہ غلام مجتبیٰ پتنگ کی برطرفی کی قرارداد منظور کی تھی اور افغان صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ داخلہ امور کی وزارت کے لیے کسی اور اہل شخص کو نامزد کریں۔
XS
SM
MD
LG