رسائی کے لنکس

صدر کرزئی کا دورہ ناروے ملتوی


افغان صدر حامد کرزئی
افغان صدر حامد کرزئی

ناروے کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان رہنما نے ’’عرب ملکوں میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کے تناظر میں‘‘ اپنے ملک میں ہی رہنا ضروری سمجھا ہے۔

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے ناروے کا دورہ ملتوی کردیا ہے جس کی وجہ حکام نے اسلام مخالف فلم پر لیبیا اور مصر میں پھوٹ پڑنے والے پرتشدد مظاہرے بتائی ہے۔

ناروے کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ انھیں افغان دفتر خارجہ نے مطلع کیا ہے کہ جمعہ سے شروع ہونے والا صدر کرزئی کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

جمعرات کو ناروے کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان رہنما نے ’’عرب ملکوں میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کے تناظر میں‘‘ اپنے ملک میں ہی رہنا ضروری سمجھا ہے۔

صدر کرزئی کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں دورہ ملتوی کرنے کی تصدیق کی تاہم انھوں نے اس کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

ایک روز قبل مسٹر کرزئی نے لیبیا کے شہر بن غازی میں امریکی قونصل خانے پر ہونے والے ہلاکت خیز حملے پر صدر براک اوباما سے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس واقعے میں لیبیا میں امریکی سفیر کرسٹوفر اسٹیونز سمیت سفارتخانے کے چار اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ صدر کرزئی نے ’’امریکی جانوں کے ضیاع‘‘ پر افسوس کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ لیبیا اور مصر میں پیدا ہونے والی صورتحال افغانستان میں تعینات امریکی افواج کے لیے خطرے کا باعث نہ بنے۔
XS
SM
MD
LG