رسائی کے لنکس

کشمیر میں مبینہ بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوجی ہلاک


کشمیر میں مبینہ بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوجی ہلاک
کشمیر میں مبینہ بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوجی ہلاک

پاکستان نے اس پر احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر سیکٹر کمانڈروں کا اجلاس طلب کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان نے الزام لگا یا ہے کہ بھارت کے فوجیوں نے کشمیر میں حد بندی لائن پر بلااشتعال فائرنگ کر کے اس کے ایک فوجی کوہلاک اور ایک کو زخمی کردیا ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ راولاکوٹ کے قریب منگل کی دوپہر کِلرسیکٹر میں پیش آیا اور پاکستان نے اس پر احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر سیکٹر کمانڈروں کا اجلاس طلب کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارت اور پاکستان کی سرحدی افواج کے درمیان اس ماہ ہونے والی یہ تیسری جھڑپ ہے اور ناقدین کے بقول اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو دو طرفہ تعلقات مزید کشید ہ ہونے کا خدشہ ہے۔

پچھلے ہفتے بھارتی حکام نے الزام لگایا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی افواج کی فائرنگ سے ان کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا تھا جبکہ گزشتہ اتوار کو سیالکوٹ میں دونوں ملکوں کی سرحدی افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات ملی تھیں لیکن اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ کشمیر میں حد بندی لائن پر تعینات دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ایک معمول کی کارروائی تھی لیکن نومبر 2003 ء میں پہلے پاکستان اور پھر بھارت نے فائربندی کا اعلان کردیا جس کے بعد کشمیر سمیت تمام حل طلب امور پر امن مذاکرات کا آغاز ہوا۔

اس امن بات چیت کے نتیجے میں حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان سفری اور تجارتی سہولتیں بحال اور ان میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ پہلی مرتبہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے آرپار تجارت کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔

تاہم نومبر 2008ء میں بھارتی شہر ممبئی میں دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری پاکستان میں مقیم عسکریت پسندوں پر ڈالتے ہوئے بھارت نے امن مذاکرات کا سلسلہ یک طرفہ طور پر معطل کر دیا اور یہ صورت حال تا حال برقرار ہے۔ دونوں ملکو ں کے قائدین کے درمیان پچھلے دو سالوں کے دوران عالمی اجلاسوں کے موقعوں پر اہم ملاقاتوں کے باوجود امن مذاکرات کا دوطرفہ سلسلہ شروع نہیں ہوسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG