رسائی کے لنکس

گلیمر کوئین قطرینہ ’راج نیتی‘ میں بالکل مختلف روپ میں


قطرینہ راج نیتی میں سیاست دان کا کردار ادا کر رہی ہیں
قطرینہ راج نیتی میں سیاست دان کا کردار ادا کر رہی ہیں

بالی وڈ کی گلیمر کوئین قطرینہ کیف اِن دنوں شہرت کی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔ اپنی نئی فلم ’راج نیتی‘ میں سیاسی لیڈر کا کردار کرنے والی قطرینہ کی سوتی ساڑی میں ملبوس نئی فلمی امیج کے چرچے اِن دنوں ہر ایک کی زبان پر ہیں۔

اشتہاروں کی دنیا میں بھی لکس صابن کے لیے اشتہاری معاہدہ سائن کر کے قطرینہ ایشوریا رائے بچن، پرینکا چوپڑا اور کرینا کپور کو کانٹے کی ٹکر دے رہی ہیں۔

فلم ساز پرکاش جھا کی نئی فلم ’راج نیتی‘ میں قطرینہ خالص ہندی زبان بولتی نظر آئیں گی۔ بالی وڈ کی اِس ’باربی ڈول‘ کو فلم بین سادگی بھرے سیاسی چولے میں پسند کریں گے یا نہیں اِس کا فیصلہ چار جون کو فلم کی ریلیز کے بعد ہی ہو گا۔

پچھلے چند سالوں میں ہندی فلم انڈسٹری کو متعدد سپرہٹ فلمیں دینے والی قطرینہ نے اپنی بیشتر فلموں میں بھارتی نژاد غیرملکی لڑکی یا پھر اعلیٰ طبقے کی نمائندگی کرنے والی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے۔ خود قطرینہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فلمی سفر میں اب مسالہ فلموں سے ہٹ کر کچھ مختلف قسم کے سنیما کو کرنے کی تمنا رکھتی ہیں۔

فلم راج نیتی میں قطرینہ کے فلمی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بالی وڈ کے نامور فلم نقاد اور فلم ساز خالد محمد نے اردو وی او اے ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قطرینہ بہت ہی خوب صورت لڑکی ہے اور اُس کی مسکراہٹ اُس سے بھی زیادہ حسین ہے۔ لیکن فلم ’راج نیتی‘ کی سادہ لباس قطرینہ شاید اپنے فلمی کردار کے ساتھ انصاف نہ کر پائے کیوں کہ اُسے اب بھی ہندی زبان پر عبور حاصل نہیں ہے۔

ہندی فلم صنعت میں قطرینہ کی پہلی فلم بوم سے اُن کے فلمی کیریر کو قریب سے دیکھنے والے خالد نے کہا کہ ’قطرینہ کی اداکاری میں اب بھی بہت سی خامیاں ہیں لیکن اِس کے باوجود سنیما بین اُن کی گلیمرس فلمی امیج سے بے حد متاثر ہیں۔ ’راج نیتی‘ جیسی فلمیں ہیروئن ایوارڈز کی چاہ میں کرتی ہیں اور میری رائے میں مستقبل میں قطرینہ کو اپنی گلیمرس امیج سے ہی جڑے رہنا چاہیے۔‘

وی او اے اردو ویب سائٹ نے جب فلم راج نیتی کے ہدایت کار پرکاش جھا سے فون پر رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تو جھا نے ایس ایم ایس کے ذریعے کہا کہ وہ اِس وقت لندن میں ہیں اور بھارت واپسی پر وہ ہم سے ضرور بات کریں گے۔

سیاسی تھرلر کے علاوہ قطرینہ اِن دنوں فلم ساز فرح خان کی نئی فلم ’تیس مارخان‘ میں آئٹم سانگ کرنے کے لیے بھی خبروں میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فرح نے قطرینہ کو بالی وڈ کی ڈانس کوئین مادھوری ڈکشت کے نغموں کا ڈی وی ڈی دیا ہے تاکہ اُسے دیکھ کر قطرینہ اپنے ڈانس سٹیپ بہتر کریں۔

XS
SM
MD
LG