رسائی کے لنکس

تجزیہ کاروں کی طرف سے کیانی توسیع کا خیرمقدم


تجزیہ کاروں کی طرف سے کیانی توسیع کا خیرمقدم
تجزیہ کاروں کی طرف سے کیانی توسیع کا خیرمقدم

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کو عمومی طور پر پاکستانی تجزیہ کاروں نے سراہا ہے۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس فیصلے کا اعلان صدر مملکت آصف علی زرداری سے مشاورت کے بعد ایک پرائم ٹائم ٹی وی تقریر میں کیا۔

وائس آف امریکہ سے فون پر بات کرتے ہوئے ان تجزیہ کاروں نے اس فیصلے کی تائید کی۔

دفاعی تجزیہ کار ریٹائرڈ جنرل جمشید ایاز نے کہا کہ عام حالات میں مدتِ ملازمت میں توسیع دینا درست نہیں ہوتا اور چیف آف آرمی اسٹاف کے لیے ملازمت کا جو ٹائم فریم ہوتا ہے وہ بڑا مناسب ہے، لیکن إِس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ اِسے بدل نہیں سکتے۔ کبھی کبھی حالات ایسے ہوجاتے ہیں کہ آپ کو طریقہٴ کار میں تبدیلی کرنی پڑتی ہے اور یہ فیصلہ بھی ایسا ہی ہے۔

اُن کے خیال میں وزیرِ اعظم اور صدر نے بہتر فیصلہ کیا ہے کیونکہ جنرل اشفاق کیانی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت کام کیا ہے جسے نیٹو، امریکہ، برطانیہ اور باقی دنیا کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔

لاہور یونی ورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز (لمس) کے پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا ہے کہ فیصلے سے ملک اور فوج میں استحکام پیدا ہوگا اور لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں بھی اطمینان ہوگا کہ ملک دہشت گردی کے خطرات کے خلاف جنگ جاری رکھنا چاہتا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ بہت ہی مستحسن فیصلہ ہے۔

ایٹلانٹک کونسل واشنگٹن میں ساؤتھ ایشین ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر شجاع نواز نے کہا کہ جنرل اشفاق کیانی کی مدتِ ملازمت کی توسیع ایک بروقت فیصلہ ہے، کیونکہ اگر اِس میں مزید تاخیر ہوتی تو یہ بات کافی تشویش کی باعث ہوتی۔

اُنھوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پچھلے ڈھائی سال کے دوران وہ فوج میں جو تبدیلیاں لائےاُن کو اب موقع ملے گا کہ اُن پر عمل درآمد کرا سکیں۔

شجاع نواز نے پاک امریکہ اسٹریٹجک ڈائلاگ کے حوالے سے جنرل کیانی کے کردار کو سراہا، اور کہا کہ اُنھوں نے افغانستان کے ساتھ نئے طریقے سے بات چیت کا سلسلہ شروع کیا جسے پورا کرنا ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG