رسائی کے لنکس

پُرامن انتخابی عمل کے انعقاد پر میانمار کے اداروں اور عوام کی تعریف


جان کیری نے کہا ہے کہ انتخاب کے نتیجے میں امکان یہی ہے کہ برما کے عوام کو وسیع تر امن، خوش حالی اور جمہوریت کا پھل میسر آئے گا۔ بیان میں ملک کے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قومی وحدت اور جمہوری إصلاحات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملک کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آٹھ نومبر کو ’پُرامن اور تاریخی‘ انتخابات کے انعقاد پر، میانمار کے عوام اور اداروں کی تعریف کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔

اُنھوں نے کہا ہے کہ ’ملک بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے حقِ رائے دہی کے استعمال کا یہ پہلا موقع تھا، جس میں سُرخرو ہو کر، ملک کی جمہوریت کی جانب پیش قدمی کی گئی، جِس سے تمام لوگوں کے حقوق کی حفاظت یقینی ہوگی۔

جان کیری نے یہ بات اتوار کو ہونے والے میانمار کے قومی انتخابات کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں کہی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ رائے شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا عمل قابلِ تعریف ہونے کے ساتھ ساتھ، برما کے عوام کی جانب سے ’ہمت اور قربانی‘ کا برملہ اظہار ہے، جو کئی برسوں بعد دیکھنے میں آیا۔

کیری نے کہا کہ یہ انتخابات ایک اہم پیش رفت کی مانند ہیں؛ جب کہ ہم یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ اِس عمل میں کئی خامیاں موجود تھیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مکمل جمہوری اور سویلین حکومت کے حصول کی راہ میں ڈھانچے اور نظام کے اعتبار سے کئی رکاوٹیں حائل ہیں، جِس میں فوج کے لیے غیر منتخب نشستیں مختص کرنا؛ پچھلے انتخابات میں شرکت کرنے والے افراد کے گروہوں کو ووٹ کا حق نہ دینا، جیسا کہ روہنگیا برادری؛ اور امیدواروں کی جانب سے شہریت اور ملک میں رہائش اختیار کرنے کی درخواستوں کو امتیازی طور پر مسترد کیے جانے کا معاملہ شامل ہے۔

جان کیری نے کہا کہ داخلی اور بین الاقوامی مبصرین کی مدد سے امریکہ نے اس انتخابی عمل کا قریب سے مشاہدہ کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ ہم ووٹنگ کی گنتی کے عمل پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں، اور تمام فریق کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ اعداد و شمار شفاف اور قابل اعتماد طریقہ کار کے عین مطابق ہوں، اور شکایات کا فوری، شفافیت کے ساتھ اور مناسب طریقے سے ازالہ کیا جائے۔

اُنھوں نے کہا کہ اتوار کے روز ہونے والے انتخاب کے نتیجے میں امکان یہی ہے کہ برما کے عوام کو وسیع تر اَمن، خوش حالی اور جمہوریت کا پھل میسر آئے گا۔

بیان میں ملک کے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ قومی وحدت اور جمہوری إصلاحات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملک کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت کو فروغ دینے کے لیے انتخابات کے بعد پُرامن ماحول جاری رکھنا خاص اہمیت کا حامل ہے، تاکہ انتخابی عمل اور مجموعی سیاسی عبوری دور میں لوگوں کا بھروسہ اور اعتماد قائم رہے۔

اُنھوں نے جمہوریت، ترقی اور قومی مفاہمت کو فروغ دینے کے سلسلے میں، برما کے عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG