رسائی کے لنکس

پانچ ملکی دورہ، جان کیری کی قاہرہ آمد


محکمہ خارجہ کے مطابق، امریکہ کو مصر کے جزیرہ نما، سنائی میں کشیدگی کے پر 'شدید تشویش' ہے، جہاں دولت اسلامیہ کے شدت پسند گروپ سے منسلک جنگجوئوں نے حالیہ دِنوں میں ہونے والے ہلاکت خیز حملوں کی ذمہ داری لینے کا دعویٰ کیا ہے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری ہفتے کی شام قاہرہ پہنچے، جہاں وہ سکیورٹی معاملات اور علاقائی دہشت گردی پر بات چیت کریں گے، جس میں داعش کے شدت پسندوں کے خطرناک عزائم کا معاملہ شامل ہے۔

کیری مصر کے دارالحکومت پہنچے، جہاں سے وہ مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا کے پانچ ملکی دورے پر روانہ ہوں گے۔

آج رات وہ کسی باضابطہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، جب کہ اتوار کی صبح اُن کی ملاقات مصر کے وزیر خارجہ سمیع شکری سے متوقع ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے اہل کاروں کے مطابق، کیری کے دورے میں سکیورٹی معاملات پر دھیان مرکوز رہے گا۔

خاص طور پر، امریکہ کو مصر کے جزیرہ نما، سنائی میں کشیدگی کے پر 'شدید تشویش' ہے، جہاں دولت اسلامیہ کے شدت پسند گروپ سے منسلک جنگجوئوں نے حالیہ دِنوں میں ہونے والے ہلاکت خیز حملوں کی ذمہ داری لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ اہل کار جنھوں نے کیری کی آمد سے قبل سنائی کی صورت حال پر بات چیت کی، بتایا ہے کہ امریکہ استحکام کے حصول کی مصر کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔

مائیکل ڈونے مشرقی وسطیٰ کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے ایک معروف امریکی تجزیہ کار ہیں۔ بقول اُن کے، مصر میں ملاقاتوں کے دوران وزیر خارجہ کیری کے لیےاصل چیلنج یہ ہوگا آیا دہشت گردی کے خلاف علاقائی جنگ اور مصر کی داخلی صورت حال دونوں سے کس طرح نمٹا جائے۔ ڈونے، جو مصر کے امور کے خاص ماہر مانے جاتے ہیں، وہ 'کارنیگی انڈومنٹ فور انٹرنیشنل پیس' کے سینئر ایسو سی ایٹ ہیں۔

امریکہ اور مصر کے اہل کار سیاسی امور، انسانی حقوق اور معاشی معاملات پر بھی گفتگو کریں گے۔

ادھر، امریکہ نے مصر کو آٹھ ایف 16طیارے دینے کا اعلان کیا ہے۔

میجر جنرل چارلس ہوپر کے بقول، 'ایف 16 جہاز قابل قدر صلاحیت فراہم کرتے ہیں، جس بات کی علاقائی عدم استحکام کے شکار اس دور میں بہت ضرورت ہے'۔ ہوپر قاہرہ میں امریکی سفارت خانے میں تعینات ایک اعلیٰ دفاعی اہل کار ہیں۔

XS
SM
MD
LG