رسائی کے لنکس

شمالی کوریا بین الاقوامی ذمہ داریوں کا پاس کرے: جان کیری


امریکی وزیر خارجہ اپنے جاپانی ہم منصب کے ہمراہ
امریکی وزیر خارجہ اپنے جاپانی ہم منصب کے ہمراہ

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پیانگ یانگ کے لیے اس بارے میں واضح حکمت عملی موجود ہے اور وہ امریکہ میں مذاکرات کے لیے مصالحت کاروں کو تیار پائے گا۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اگر پیانگ یانگ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کے لیے اقدامات کرے تو شمالی کوریا سے خطے میں جاری کشیدگی کے پرامن حل پر بات چیت ہو سکتی ہے۔

جان کیری ایشیا کے تین ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں اتوار کو جاپان پہنچے جہاں ٹوکیو میں اپنے ہم منصب فومیو کیشیڈا سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں انھوں نے اس پیش کش کا اعلان کیا۔

انھوں نے کہا کہ پیانگ یانگ کے لیے اس بارے میں واضح حکمت عملی موجود ہے اور وہ امریکہ میں مذاکرات کے لیے مصالحت کاروں کو تیار پائے گا۔

شمالی کوریا کے میزائلوں کے اہداف میں جاپان بھی شامل ہے جس نے پہلے ہی دارالحکومت کے گرد و نواح میں میزائل شکن نظام نصب کردیا ہے۔

پیر کو امریکی وزیرخارجہ جاپان کے وزیراعظم شنزو ابی سے بھی شمالی کوریا کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔

ایک روز قبل بیجنگ میں کیری اور چین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ یانگ جیئچی نے جزیرہ نما کوریا کے بحران کے حل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ دونوں اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا تھا کہ وہ اس خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مقصد کی حمایت کرتے ہیں۔

شمالی کوریا نے حالیہ ہفتوں میں جنوبی کوریا اور امریکہ کو جوہری جنگ کی دھمکیاں دی ہیں اور وہ ایک درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کرچکا ہے۔

امریکہ شمالی کوریا کو متنبہ کرچکا ہے کہ وہ اشتعال انگیز بیانات سے باز رہے کیونکہ امریکہ خطے میں اپنے اتحادیوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
XS
SM
MD
LG