رسائی کے لنکس

جان کیری کا لاوروف کو فون، شام کے بحران پر گفتگو


فائل

فائل

امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے اور آنے والے دنوں میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ ٹیلی فون پر شام کے تنازع سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی ہے۔

واشنگٹن میں امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے شام میں سیاسی عمل کے آغاز، داعش کے خلاف جاری لڑائی، مشرقِ وسطیٰ کے معاملات، یوکرین تنازع، شمالی کوریا کے جوہری تجربے اور امریکہ اور روس کے باہمی تعلقات سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی۔

محکمۂ خارجہ کے ترجمان جان کِربی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے اور آنے والے دنوں میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

لیکن ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کب متوقع ہے۔

دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان آخری ملاقات دسمبر میں نیو یارک میں ہونے والے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور شام کے مسئلے سے متعلق قائم عالمی گروپ 'انٹرنیشنل سیریا سپورٹ گروپ' (آئی ایس ایس جی) کے اجلاسوں کے موقع پر ہوئی تھی۔

اجلاس میں گروپ کے رکن ممالک نے شام میں سیاسی عمل کے آغاز اور اس کی عبوری مدت پر اتفاق کیا تھا۔

نیویارک اجلاس میں ہونے والے اتفاقِ رائے کے تحت مذاکرات کا اگلا دور 25 جنوری کو جنیوا میں ہوگا جس میں شامی حکومت اور حزبِ اختلاف کے نمائندے براہِ راست بات چیت کریں گے۔

تاہم ان مذاکرات سے قبل شام کے مسئلے پر روس، امریکہ اور اقوامِ متحدہ کےمابین سہ فریقی بات چیت 13 جنوری کو منعقد ہوگی۔

XS
SM
MD
LG