رسائی کے لنکس

امریکی وزیرخارجہ کا فرانس کے رہنماؤں سے اظہار یکجہتی


کیری نے صدر اولاند کو بتایا کہ فرانس کے عوام جس کرب اور دہشت سے گزرے ہیں امریکی عوام کو اس کا پور ادراک ہے اور وہ اس غم میں ان کے ساتھ ہیں۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری جمعہ کو فرانس پہنچے جہاں انھوں نے گزشتہ ہفتے پیرس میں دہشت گرد واقعات میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور فرانس سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

گزشتہ ہفتے فرانسیسی جریدے "چارلی ایبڈو" کے دفتر اور پھر ایک یہودی سپر مارکیٹ میں پیش آنے والے واقعات میں 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

جان کیری اپنے فرانسیسی ہم منصب لوراں فابیوس کے ہمراہ پہلے مشرقی پیرس میں کوشر سپر مارکیٹ پہنچے جہاں گزشتہ جمعہ کو یرغمال بنائے جانے والے افراد کو ایک شدت پسند نے بعد ازاں ہلاک کر دیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہاں پھولوں کی چادر چڑھائی۔

دونوں اعلیٰ عہدیدار بعد میں جریدے چارلی ایبڈو کے صدر دفتر گئے۔ یہاں شدت پسندوں نے مدیر اعلیٰ سمیت 12 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

اس سے پہلے جان کیری نے صدارتی محل میں فرانس کے صدر فرانسواں اولاند سے ملاقات کی۔

کیری نے اولاند کو بتایا کہ فرانس کے عوام جس کرب اور دہشت سے گزرے ہیں امریکی عوام کو اس کا پورا ادراک ہے اور وہ اس غم میں ان کے ساتھ ہیں۔

فرانسیسی ہم منصب سے گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ اتوار کو اپنی سفری مصروفیات کی وجہ سے فرانس نہیں آ سکے تھے اور اب چونکہ وہ یہاں ہیں تو "ہمیں بہت سے امور پر بات کرنی ہے۔"

اوباما انتظامیہ پہلے ہی اعتراف کر چکی ہے کہ گزشتہ اتوار کو پیرس میں ہونے والی ریلی میں اپنے کسی اعلیٰ نمائندے کو نہ بھیج کر اس نے غلطی کی۔

اس ریلی میں 40 کے قریب ملکوں کے رہنماؤں اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی تھی اور فرانس میں حکام کے مطابق یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی تھی۔

XS
SM
MD
LG