رسائی کے لنکس

جان کیری کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات


فائل
فائل

ملاقات کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ خطے میں قیامِ امن کے لیے اشتعال انگیز اور تشدد پر ابھارنے والے بیانات سے گریز ضروری ہے۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے فلسطینی اتھارٹی کی صدر محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ مغربی کنارے اور یروشلم میں فلسطینیوں اور اسرائیلی شہریوں کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کریں۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق جان کیری نے اتوار کو دورۂ اردن کے دوران فلسطینی صدر سے ملاقات کی تھی۔

ترجمان جان کربی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ خطے میں قیامِ امن کے لیے اشتعال انگیز اور تشدد پر ابھارنے والے بیانات سے گریز ضروری ہے۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں یروشلم میں واقع مسلمانوں اور یہودیوں کے لیے یکساں مقدس مقامات سے متعلق فلسطینیوں کے خدشات اور وہاں جاری کشیدگی پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

فلسطینی باشندوں کا الزام ہے کہ اسرائیلی حکومت القدس الشریف میں عبادت سے متعلق قواعد تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے نتیجے میں وہاں یہودیوں کی آمد و رفت اور مسلمانوں کے لیے مخصوص حصوں میں ان کی مداخلت بڑھ جائے گی۔

ان خدشات کے باعث گزشتہ کئی مہینوں سے مغربی کنارے اور یروشلم کے عرب باشندوں کے اسرائیل مخالف جذبات عروج پر ہیں اور علاقے میں خاصی کشیدگی ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق علاقے میں اکتوبر سے اب تک اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں لگ بھگ 170 فلسطینی مارے جاچکے ہیں جن میں سے 111 اسرائیلی حکام کے بقول "حملہ آور" تھے۔

ہلاک ہونے والوں میں سے کئی فلسطینی باشندے اسرائیل مخالف مظاہروں کے دوران اسرائیلی سکیورٹی اہلکاروں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔

اس عرصے کے دوران چاقو بردار فلسطینیوں کے حملوں، فائرنگ اور راہ گیروں پر گاڑی چڑھا دینے کے واقعات میں کم از کم 28 اسرائیلی شہری بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

فلسطینی حکام کا موقف ہے کہ فلسطینی شہریوں کی اس نوعیت کی کارروائیاں اس بے بسی اور لاچاری کے احساس کا نتیجہ ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے اسرائیل کے زیرِ قبضہ رہنے اور مسئلۂ فلسطین حل نہ ہونے کے نتیجے میں پروان چڑھا ہے۔

اس کے برعکس اسرائیلی حکومت کا الزام ہے کہ فلسطینی قیادت اپنے باشندوں کو اسرائیلیوں کے خلاف اس طرح کے حملے کرنے پر اکساتی ہے۔

XS
SM
MD
LG