رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ کی سرتاج عزیز سے ملاقات


فائل
فائل

ملاقات کے دوران سیکریٹری کیری نے واضح کیا کہ ایک محفوظ اور خوش حال پاکستان کی تعمیر پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ امریکہ کے بھی مفاد میں ہے: امریکی محکمۂ خارجہ کا بیان

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے لندن میں پاکستانی حکومت کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

دونوں رہنما دورانِ جنگ جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کے عنوان سے ہونے والی چار روزہ کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن پہنچے تھے۔

لندن کے مقامی وقت کے مطابق جمعے کی سہ پہر ہونے والی اس ملاقات میں جان کیری نے کراچی کے ہوائی اڈے پر رواں ہفتے ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ انسدادِ دہشت گردی اور ایک پرامن اور خوش حال مستقبل کے حصول کی کوششوں میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے۔

واشنگٹن میں امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق سیکریٹری کیری نے واضح کیا کہ ایک محفوظ اور خوش حال پاکستان کی تعمیر پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ امریکہ کے بھی مفاد میں ہے۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے علاوہ بھارت اور افغانستان میں حکومتوں کی تبدیلی اور پاکستان کے ساتھ ان کے تعلقات کی صورتِ حال پر بھی بات کی۔

محکمۂ خارجہ کے بیان میں کہاگیا ہے کہ جان کیری اور سرتاج عزیز نے عراق میں آنے والی تبدیلیوں پر بھی گفتگو کی اور شدت پسند تنظیم 'آئی ایس آئی ایل' کے جنگجووں کی مسلسل پیش قدمی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے خطے کی سکیورٹی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔
XS
SM
MD
LG