رسائی کے لنکس

کیری کی دو مقامی اہل کاروں کے لواحقین سے تعزیت


بقول اُن کے، ’’یہ اُس ہمت اور عزم کا بھی ثبوت ہے جس کا مظاہرہ امریکی اور پاکستانی آئے دِن کرتے ہیں، جو کوششیں دہشت گردی کے افریت سے نبردآزما ہونے کے لیے اور پاکستان کو زیادہ مستحکم و محفوظ کرنے اور خوش حال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے کی جاتی ہیں‘‘

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستانی قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کی امبر تحصیل کے مقام پر دو مقامی اہل کاروں کو قتل کیے جانے پر ’’دل کی گہرائی سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے‘‘، اس کی مذمت کی ہے۔

منگل کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں اُنھوں نے کہا ’’مجھے علم ہے کہ اہل خانہ کےلیے اپنے پیاروں کا صدمہ برداشت کرنا مشکل ہے، جن بہادر افراد کےلیے تعزیت کےالفاظ کافی نہیں‘‘۔ لیکن، بقول اُن کے، ’’آپ کو معلوم ہونا چاہیئے کہ وہ ہماری یادوں میں بستے ہیں، اور ہم اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘‘۔

یہ دو حضرات پاکستان میں امریکی مشن کے لیے کام کرتے تھے؛ اور وہ اُس وقت ہلاک ہوئے جب حکومت پاکستان کے انسداد منشیات کے ادارے (اے این ایف) کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس میں وہ شامل تھے، جب وہ وفاقی زیر ِانتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) میں مہمند ایجنسی کی امبر تحصیل سے گزر رہا تھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’یہ احمقانہ حملہ اِس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دنیا بھر میں ہمارے سفارت کار اور مقامی عملہ، جو سفارت کاری پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرتے ہیں، اُنھیں آئے دِن اس قسم کے خطرات جھیلنا پڑتے ہیں‘‘۔

بقول اُن کے، ’’یہ اُس ہمت اور عزم کا بھی ثبوت ہے جس کا مظاہرہ امریکی اور پاکستانی آئے دِن کرتے ہیں، جو کوششیں دہشت گردی کے افریت سے نبردآزما ہونے کے لیے اور پاکستان کو زیادہ مستحکم و محفوظ کرنےاور خوش حال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے کی جاتی ہیں‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’ہم نے اس واقعے کی تفتیش اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے علاقے کی حکومت کو ضروری امداد کی پیش کش کی ہے‘‘۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ محکمہٴ خارجہ میزبان ملک کے ساتھیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو دنیا بھر میں ہمارے مشنز کی خدمات بجا لاتے ہیں۔ یہ مرد اور خواتین اپنے اہل خانہ اور شہریوں کی زندگی بہتر بنانے کے جذبے سے کام کرتے ہیں، اور وہ مشترکہ خوش حالی اور اقدار کے ہمارے اہداف کو فروغ دینے پر عمل درآمد میں مدد فراہم کرتے ہیں‘‘۔

’’اور، وہ ہمارے احباب، ہمارے اساتذہ اور ہمارے بزرگ ہیں اور ہم اُن کی جانب سے آئے دِن پیش کردہ قربانیوں پر تہ دل سے اُن کے شکرگزار ہیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG