رسائی کے لنکس

داعش کو تباہ کرکے رہیں گے، جان کیری


فائل
فائل

جان کیری نے کہا کہ عراقی فوج کو شدت پسندوں کے خلاف ایک بار پھر صف آرا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ داعش کے خلاف بننے والا بین الاقوامی اتحاد شدت پسند تنظیم کا زور توڑنے اور اسے تباہ کرنے کے اہداف کی جانب کامیابی سے پیش قدمی کر رہا ہے۔

اتوار کی شب امریکی ٹی وی 'این بی سی' کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ کی قیادت میں تشکیل پانے والا اتحاد صرف فضائی کارروائیوں کے ذریعے ہی شدت پسندوں سے ان کے زیرِ قبضہ 22 فی صد رقبہ واگزار کراچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی عراقی فوج کی مدد سے حاصل کی گئی ہے جسے شدت پسندوں کے خلاف ایک بار پھر صف آرا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داعش کےخلاف خطے کے عرب ممالک اور دیگر اتحادیوں کا عزم قوی اور قابلِ ستائش ہے اور شدت پسندوں کے ہاتھوں اردن کے پائلٹ معاذ الکسائسبہ کے قتل کے بعد کثیر القومی اتحاد اپنی کارروائیوں کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مزید سنجیدہ ہوگیا ہے۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ اتحادی فوج داعش کے کئی قابلِ ذکر رہنماؤں کا صفایا کرچکی ہے اور کمانڈ اور کنٹرول سسٹم کے خلاف فضائی کارروائیوں کے بعد شدت پسندوں کو ماضی کی طرح کھلم کھلا ایک دوسرے سے رابطے کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی فوج کی فضائی کارروائیوں کے خوف سے اب شدت پسند قافلوں کی صورت میں سفر کرنے سے خوفزدہ ہیں جو ان کا طرہ امتیاز سمجھا جاتا تھا۔

لیکن جان کیری نے تسلیم کیا کہ داعش کی حملہ آور ہونے کی صلاحیت کے مکمل خاتمے کے لیے ا ب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور شدت پسند تنظیم کے خلاف فوجی مشن طویل المدت منصوبہ ہے۔

داعش کے خلاف کثیر القومی فوجی اتحاد میں امریکہ کے نمائندے جنرل ریٹائرڈ جان ایلن نے کہا ہے کہ عراقی فوج آئندہ چند ہفتوں میں شدت پسند تنظیم کےخلاف بڑی کارروائی کا آغاز کرنے والی ہے۔

اردن کی ایک خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ریٹائرڈ امریکی جنرل نے بتایا کہ عراقی فوج نے اتحادیوں کی مشاورت اور تربیت کے سہارے موصل ڈیم کا قبضہ جنگجووں سے چھڑا لیا ہے اور شہر کی جانب جانے والے اہم راستوں پر قبضہ کرلیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اتحادی ممالک – آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، اسپین، پرتگال، بیلجئم، ہالینڈ، ڈنمارک، جرمنی، فرانس اور اٹلی کے فوجی ماہرین عراق کی چار مختلف چھاؤنیوں میں عراقی فوج کو داعش سے لڑنے کی تربیت دے رہے ہیں جو جلد بروئے کار آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ متوقع پیش قدمی میں عراقی فوج کو اتحادی ملکوں کی فضائی مدد بھی حاصل ہوگی۔

XS
SM
MD
LG