رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ کا 'یومِ پاکستان' پرپیغام


جان کیری نے 'یومِ پاکستان' کے موقع پر ایک بیان میں صدر براک اوباما اور امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارک باد اور نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی امریکہ کی کامیابی ہے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ مضبوط تعلقات کا قیام ہمیشہ سے ان کی ترجیح رہا ہے۔

یہ بات جان کیری نے 'یومِ پاکستان' کے موقع پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہی ہے جس میں انہوں نے صدر براک اوباما اور امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارک باد اور نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری کیے جانے والے بیان میں جناب کیری نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے اور دونوں ملکوں کی حکومتیں مل کر پاکستان اور خطے میں قیامِ امن اور خوش حالی کے لیے کوشش کر رہی ہیں۔

اپنے پیغام میں امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم میاں نواز شریف کے گزشتہ برس دورۂ امریکہ کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان 'اسٹریٹجک مذاکرات' کا سلسلہ نئی روح کے ساتھ جاری ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور تعاون کو فروغ دینے کے جذبے کا اظہار ہوتا ہے۔

جان کیری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ مشترکہ مفادات کے تحفظ، شدت پسند عناصر سے مقابلے، معیشتوں کی بحالی اور پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے اور تعلیم کے فروغ میں اسلام آباد حکومت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ 'قراردادِ لاہور' کی منظوری کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کا یہ قول یاد رکھنے کی ضرورت ہے جس میں انہوں نے قوم کو "امید، اعتماد اور جرأت" کا درس دیا تھا۔
XS
SM
MD
LG