رسائی کے لنکس

شامی پناہ گزیں،امریکہ کا 29 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان


کیری نے کہا کہ اب بھی بے تحاشہ ضرورتیں ایسی ہیں جنھیں پورا کیا جانا چاہیئے؛ اور یہ کہ تمام ملکوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ شام کے تنازع کے خاتمے کے لیے کوشش کریں

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 29 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، تاکہ شام سے ہمسایہ ممالک کی طرف امنڈ آنے والے پناہ گزینوں کی دیکھ بھال کے کام میں بہتری لائی جا سکے۔

کیری نے کہا کہ اب بھی بے تحاشہ ضرورتیں ایسی ہیں جنھیں پورا کیا جانا چاہیئے؛ اور یہ کہ تمام ملکوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ شام کے تنازع کے خاتمے کے لیے کوشش کریں۔

بقول اُن کے، ’اور ، میں خصوصی طور پر، اُن ملکوں سے، جو اسد حکومت کی براہ راست مدد فرام کر رہے ہیں، کہتا ہوں کہ جدید دور میں یہ اپنی مثال آپ بات ہے کہ ایک ریاست جدید گولہ بارود کی مدد سے اپنے ہی لوگوں کو کچل رہی ہے۔ میں اُن سے مطالبہ کرتا ہوں، ایران، روس، اور حزب اللہ پر زور دیتا ہوں، جو یہیں لبنان سے واسطہ رکھتا ہے، کہ وہ باضابطہ کوششوں کا حصہ بنیں جن کا مقصد اس جنگ کا خاتمہ لانا ہے‘۔

کیری نے امداد فراہم کرنے والے ملکوں پر زور دیا کہ وہ امداد سے متعلق اپنے وعدے پورے کریں۔

پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا ہے کہ اس وقت لبنان شام سے آنے والے دس لاکھ سے زائد پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے، جو اپنے ملک میں تین سال سے جاری بحران کے باعث گھر بار چھوڑ کر بھاگ نکلے ہیں۔

کیری بدھ کو بغیر کسی پیشگی اعلان کے، بیروت پہنچے جہاں اُنھوں نے لبنان کے عہدیداروں سے ملاقات کی، جن میں وزیر اعظم تمام سلام بھی شامل ہیں۔

کیری نے کہا کہ لبنان کا سیاسی تعطل نئے صدر کے انتخاب کی راہ میں آڑے آ رہا ہے، جو امر ’انتہائی پریشان کُن‘ کے، اور قانون سازوں کو چاہیئے کہ اس عہدے کے لیے فوری تعیناتی کریں۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ ایک مضبوط اور قابل اعتماد ساجھے دار ہے، اور وہ لبنان اور اس کے اداروں کی مدد جاری رکھے گا۔
XS
SM
MD
LG