رسائی کے لنکس

داعش کے خلاف جنگ: کیری کی مصری حکام سے بات چیت


جان کیری نے کہا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجو اسلام کے نام پر لڑنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن درحقیقت ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری دولتِ اسلامیہ کے خلاف مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کا تعاون حاصل کرنے کے لیے جاری دوروں کے سلسلے میں مصر پہنچ گئے ہیں۔

ہفتے کو دارالحکومت قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب سامح شکری کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ مسلمانوں میں شدت پسندی کی سوچ کو شکست دینے میں مصر کا کردار کلیدی نوعیت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجو اسلام کے نام پر لڑنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن درحقیقت ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ دنیا بھرکے مسلمانوں کی اکثریت جنگجووں کے نفرت انگیز پیغام کو مسترد کرچکی ہے اور اسے اسلامی تعلیمات کے منافی سمجھتی ہے۔

سیکریٹری کیری نے دولتِ اسلامیہ کے خلاف ایک وسیع تر بین الاقوامی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو ایک مخصوص علاقے سے باہر نکل کر پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے میں زیادہ وقت نہیں لگتا ہے۔ لہذا، ان کے بقول، ضروری ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجووں کا جلد سدِ باب کیا جائے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصری وزیرِ خارجہ سامح شکری نے کہا کہ ان کی حکومت دولتِ اسلامیہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے باہمی تعلقات سے واقف ہے اور سمجھتی ہے کہ ان کی جانب سے لاحق خطرات ملکی سرحدوں سے ماورا ہیں۔

قاہرہ میں اپنے قیام کے دوران جان کیری مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

جان کیری امریکہ کی قیادت میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف علاقائی اور مغربی ممالک کا ایک وسعی تر اتحاد قائم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں خطے کے ملکوں کے دورے پر ہیں اور اب تک انہیں اس میں نمایاں کامیابی ملی ہے۔

خلیج تعاون کونسل میں شامل چھ عرب ملکوں کے علاوہ لبنان، اردن ، مصر ، ترکی اور اسرائیل کی حکومتیں اب تک دولتِ اسلامیہ کے خلاف امریکہ کو اپنے تعاون کو یقین دلاچکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG