رسائی کے لنکس

کیری آئندہ ہفتے ماسکو میں صدر پوتن سے ملاقات کریں گے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وہ صدر پوتن اور اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے بات کریں گے کہ "ہم کس طرح (شام میں) سیاسی عمل کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔"

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ وہ شام سے روسی فوجوں کے انخلا اور جنگ سے تباہ حال اس ملک میں امن کے امکانات پر بات چیت کے لیے آئندہ ہفتے ماسکو میں صدر ولادیمر پوتن سے ملاقات کریں گے۔

منگل کو اپنے اس دورے کا اعلان کرتے ہوئے کیری نے کہا کہ "ہم اس عمل کے ایک اہم مرحلے تک پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع گنوانے کا نہیں۔ یہ موقع بالآخر جنگ اور خون خرابے کے خاتمے کی طرف پیش رفت کا ہے۔"

امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وہ صدر پوتن اور اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے بات کریں گے کہ "ہم کس طرح (شام میں) سیاسی عمل کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔"

لیکن ساتھ ہی انھوں نے متنبہ کیا کہ "پائیدار امن حقیقی سیاسی تبدیلی کے بغیر ناممکن ہے۔"

امریکہ شام کے سیاسی مستقبل میں صدر بشار الاسد کا کردار نہیں دیکھتا جب کہ اسد اقتدار سے علیحدگی پر آمادہ نہیں ہیں۔

کیری کے دورہ ماسکو کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب جنیوا میں شام سے متعلق امن مذاکرات جاری ہیں اور شام سے روسی فوج کا پہلا دستہ وطن واپس روانہ ہوا۔

روسی ٹی وی نے ملک کے جنوب میں ایک ہوائی اڈے پر شام سے آنے والے تین ایس یو-34 طیاروں کو اترتے اور ان کے ہوابازوں کو اس سے نکلتے دکھایا۔

ادھر جنیوا میں جاری بات چیت میں شام کی مرکزی حزب مخالف نے محتاط انداز میں روسی صدر کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔

XS
SM
MD
LG