رسائی کے لنکس

میونخ: جان کیری، یوکرینی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کریں گے


جان کیری نے یہ بیان جرمنی میں دیا جہاں وہ عالمی سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ یوکرین کے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔

امریکی وزیر ِ خارجہ نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ یوکرین کے صدر اب تک اپنے ملک میں جاری سیاسی بحران پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔

جان کیری نے یہ بیان جرمنی میں دیا جہاں وہ عالمی سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ یوکرین کے اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔

یوکرین کے صدر وکٹر ینکووچ کا کہنا ہے کہ ان کے سیاسی حریف ملک میں جاری بحران کو ہوا دے رہے ہیں۔ یوکرین کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے ملک میں جاری تناؤ کم کرنے کے لیے ملک کے وزیر ِ اعظم کو تبدیل کیا ہے اور گرفتار شدہ مظاہرین کو مشروط معافی دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری طرف امریکی وزیر ِ خارجہ کا اصرار ہے کہ یوکرین کی حکومت کو اس ضمن میں مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر ِ خارجہ کیری کے الفاظ، ’یوکرین کے صدر
ینکووچ کی تجاویز اپوزیشن کے لیے قابل ِ عمل نہیں ہیں اور اپوزیشن کو یہ احساس نہیں دلاتیں کہ وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھ سکتے ہیں‘۔

جان کیری برلن میں جرمن وزیر ِ خارجہ کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

جرمن وزیرِ خارجہ نے ایک مترجم کی مدد سے واضح کیا کہ ابھی تک اس بات کا تعین نہیں کیا سکا کہ آیا یوکرین کے صدر ملک میں حقیقی تبدیلی کو قبول کرنے پر تیار ہیں یا نہیں۔

جرمن وزیر ِ خارجہ کے الفاظ، ’مجھے یہ تاثر ملا ہے کہ یوکرین کے صدر ابھی تک اپنے ملک میں جاری بحران کی صورتحال پوری طرح نہیں سمجھ سکے ہیں اور یہ بات ان کی جانب سے دی جانے والی پیشکشوں کے تناظر میں بآسانی دیکھی جا سکتی ہے‘۔

یوکرین کے اپوزیشن رہنما جن میں سیاستدان آرسینی ییکسینیک اور ویٹالی کلیٹشکو بھی شامل ہیں، ہفتے کے روز امریکی اور جرمن وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔
XS
SM
MD
LG