رسائی کے لنکس

یورپی یونین و برطانیہ مربوط تعلقات جاری رکھیں: کیری


منگل کے روز لندن میں اپنےنئے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کے ہمراہ ایک مشترکہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، کیری نے کہا کہ امریکہ کا انحصار ’’ایک مضبوط برطانیہ‘‘ پر ہے

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے 28 ملکی ادارے سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد، امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان اتحاد مضبوط رہے۔

منگل کے روز لندن میں اپنےنئے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کے ہمراہ ایک مشترکہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، کیری نے کہا کہ امریکہ کا انحصار ’’ایک مضبوط برطانیہ پر‘‘ ہے۔

کیری نے مزید کہا کہ ’’امریکہ کی کوشش ہے اور وہ اس بات کی حوصلہ افزائی اور اعانت کرے گا کہ یہ عبوری دور خیر اسلوبی سے آگے بڑھے؛ اور برطانیہ اور یورپی یونین کے تعلقات انتہائی مربوط طریقے سے اور مل کر فروغ پائیں‘‘۔

لندن کے اپنے دورے میں، کیری اور جانسن یورپی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں گے جس میں پانچ برس سے جاری شام کے تنازع پر گفتگو ہوگی، جس کے نتیجے میں داعش کو فروغ ملا اور دنیا میں مہاجرین کے بدترین بحران نے جنم لیا۔

شامی صدر بشار الاسد کا حوالہ دیتے ہوئے، جانسن نے کہا کہ ’’ہم اُن کی مدد حاصل کرنا چاہتے ہیں جن کا اسد حکومت پر اثر و رسوخ ہے، جن میں روس اور ایران شامل ہیں، تاکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر محصور علاقوں تک رسائی حاصل ہو سکے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی شام کی حمایت کے گروپ کے ارکان کی خواہش سے مطابق رکھتا ہو‘‘۔

یمن کے تنازع پر گفتگو کے لیے، کیری اور جانسن سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزائے خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

گذشتہ ماہ جب سے برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا، کیری کا برطانیہ کا یہ پہلا دورہ ہے، جس کا اصل مقصد امریکہ برطانیہ تعلقات پر بات چیت کرنا ہے، جنھیں نئی وزیر اعظم تھریسا مے نے گذشتہ ہفتے برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ مقرر کیا۔ جانسن نے یورپی یونین سے علیحدگی کی کوششوں کی قیادت کی تھی۔

XS
SM
MD
LG