رسائی کے لنکس

کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال ’اخلاقی پستی‘ کا غماز


جان کیری نے کہا ہے کہ،’کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ہمیں متحد ہوکر احتساب کرنا ہوگا، تاکہ آئندہ کسی کو یہ مہلک ہتھیار استعمال کرنے کی جراٴت نہ ہو‘

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ یہ امر ’ناقابل تردید ہے‘ کہ حالیہ دِنوں کے دوران شام میں کیمیاوی ہتھیار استعمال ہوئے۔ اُنھوں نے اِس عمل کو ’اخلاقی پستی‘ قرار دیا۔

پیر کو محکمہٴ خارجہ میں اپنے خطاب میں، جان کیری نے کہا کہ صدر براک اوباما اس خیال کے ہیں کہ جنھوں نے اِن ’قبیح ہتھیاروں‘ کا استعمال کیا اُن کا احتساب لازم ہے۔

اُنھوں نے یہ نہیں بتایا کہ صدر کس قسم کا اقدام کرنے کا سوچ رہے ہیں۔


کیری نے کہا کہ کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال کرنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اور اُنھوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر احتساب کرنا ہوگا، تاکہ آئندہ کسی کو یہ مہلک ہتھیار استعمال کرنے کی جراٴت نہ ہو۔


گذشتہ ہفتے دمشق کے مضافات میں کیمیاوی ہتھیار استعمال ہونے کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کے بعد، امریکہ اور دیگر ممالک پر دو برس سے جاری شام کے تنازع کے حل کے سلسلے میں دباؤ بڑھ رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG