رسائی کے لنکس

برطانوی ریفرنڈم کے بعد جان کیری کا لندن اور برسلز کا دورہ


امریکی وزیر خارجہ جان کیری (بائیں) اٹلی کے وزیرخارجہ پاؤلو جینٹیلونی کے ساتھ
امریکی وزیر خارجہ جان کیری (بائیں) اٹلی کے وزیرخارجہ پاؤلو جینٹیلونی کے ساتھ

اس دورے کا مقصد برطانیہ کے لیے امریکہ کی حمایت کا اظہار اور یورپی یونین کے دیگر ممالک پر زور دینا ہے کہ وہ اس بلاک (یورپی یونین) میں شامل رہیں۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری پیر کو برسلز اور لندن کا دورہ کریں گے۔ گزشتہ ہفتے ہوئے ریفرنڈم میں برطانیہ کے عوام کی اکثریت کی طرف سے یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کے حق میں فیصلہ دینے کے بعد کسی بھی اعلیٰ امریکی عہدیدار کا یورپ کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔

امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کیری کی طرف سے اپنے روم کے طے شدہ دورے پر روانہ ہونے سے کچھ دیر پہلے ان دو مقامات کے دورے کو بھی ان کے پروگرام میں شامل کیا گیا جس کا مقصد برطانیہ کے لیے امریکہ کی حمایت کا اظہار اور یورپی یونین کے دیگر ممالک پر زور دینا ہے کہ وہ اس بلاک (یورپی یونین) میں شامل رہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے حق میں ووٹ دینے پر افسوس ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے یورپی یونین کے لیے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس کے ارکان کی تعداد بہت جلد 27 رہ جائے گی۔

کیری برسلز کا دورہ ایک ایسے وقت کر رہے ہیں جب یہاں اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمی بھی جاری ہے جس میں یورپی یونین کے بڑے ممالک جرمنی، فرانس اور اٹلی آئندہ ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بات کریں گے جب برطانیہ یورپی یونین سے الگ ہو رہا ہے۔

اس کے بعد کیری لندن جائیں گے جہاں وہ برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ اور دیگر عہدیدادروں سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات واشنگٹن کے قریبی اتحادی کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنے کے عمل کا حصہ ہے جب برطانیہ کے یورپ کے ساتھ تعلقات پہلے جیسے نہیں رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG