رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: چوکی پر حملہ، جوابی کارروائی میں ’17 دہشت گرد ہلاک‘


فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے سپن قمر میں لگ بھگ 50 سے 60 دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔

پاکستانی فوج کے مطابق قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملے کو پسپا کر دیا اور جوابی کارروائی میں 17 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے سپن قمر میں لگ بھگ 50 سے 60 دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔

سرکاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

اُدھر اطلاعات کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے زخا خیل میں دیسی ساخت کے بم دھماکے میں مقامی امن کمیٹی کے کم از کم دو رضا کار ہلاک ہو گئے۔

خیبر ایجنسی میں پاکستانی فوج نے گزشتہ ماہ ’خیبر ون‘ کے نام سے فوجی کارروائی شروع کی تھی۔

اب تک کی کارروائی میں پاکستانی فوج کے مطابق درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک اور اُن کے زیر استعمال ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

فوجی کارروائی اور بعد ازاں دیسی ساخت کے بم دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے کیوں کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے اور یہاں میڈیا کے نمائندوں کو رسائی نہیں۔

فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے آغاز کے بعد کچھ دہشت گرد خیبر ایجنسی میں روپوش ہو گئے تھے جن کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

خیبر ایجنسی میں آپریشن کے آغاز کے بعد لگ بھگ دو لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور بھی ہوئے۔

XS
SM
MD
LG