رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تجہیزوتکفین مکمل


پشاور سے ملحقہ خیبر ایجنسی میں ایک روز قبل سکیورٹی فورسز پر ہونے والے خودکش حملے میں مرنے والوں کی تجہیزوتکفین جمعرات کو مکمل ہوئی۔ حکام کے بقول اس حملے میں مجموعی طور پر 11سکیورٹی اہلکاروں سمیت18افراد ہلاک ہوئے۔

خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے خاصہ دار فورس کے مقامی لائن افسر زرمد خان گذشتہ کئی ماہ سے عسکریت پسندوں کے نشانے پر تھے۔ حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے صلے میں زرمد خان کو تمغہ شجاعت کے لیے نامزد کیا گیا تھا جو انھیں آئندہ مارچ میں دیا جانا تھا۔

ادھر دہشت گردوں کی فائرنگ سے مارے جانے والے پاکستانی فوج کے بریگیڈیئرسید حسین عباس کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی۔

خیال رہے کہ جمرود میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے خودکش حملے سے چند گھنٹے قبل دور افتادہ وادی تِیراہ میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا تھا اور وہاں امدادی کارراوئی کے لیے جانے والی ٹیم پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے بریگیڈیئر عباس ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

ان واقعات کے بعد سکیورٹی فورسز نے وادی تِیراہ میں عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی اور زمینی کارروائی شروع کردی ہے جس میں مشتبہ ٹھکانوں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں اور توپ خانے کی مدد سے نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم فوجی کارروائی میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG