رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: حملے میں امن کمیٹی کے تین رضا کار ہلاک


خود کار ہتھیاروں سے لیس درجنوں شدت پسندوں نے شلوبر کے علاقے میں مقامی امن کمیٹی کی ایک حفاظتی چوکی پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب حملہ کیا

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں کے حملے میں مقامی امن کمیٹی کے تین رضا کار ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی حکام اور عینی شاہدین کے مطابق تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبر میں خود کار ہتھیاروں سے لیس درجنوں شدت پسندوں نے مقامی امن کمیٹی کی ایک حفاظتی چوکی پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب حملہ کیا۔

جھڑپ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور اس دوران شدت پسند امن کمیٹی کے متعدد رضا کاروں کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے۔

جس علاقے دہشت گردوں نے یہ حملہ کیا وہاں سکیورٹی فورسز نے ’سرچ آپریشن‘ شروع کر دیا ہے۔

خیبر ایجنسی اور دیگر قبائلی علاقوں میں مقامی امن کمیٹی کے رہنماؤں اور رضا کاروں پر اس سے قبل بھی مہلک حملے کیے جاتے رہے ہیں۔

اُدھر صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع کوہاٹ میں پیر کی صبح دو برقع پوش مسلح افراد نے ضلعی پولیس افسر کے دفتر کے باہر فائرنگ کی جس سے سات افراد زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور مارے گئے۔
XS
SM
MD
LG