رسائی کے لنکس

پاکستان میں برطانوی بچّے کے اِغوا کےسلسلے میں سپین میں پانچ افرادگرفتار


عقیلہ نقاش، ساحل کی تصویر اٹھائے ہوئے
عقیلہ نقاش، ساحل کی تصویر اٹھائے ہوئے

سپین کی پولیس نے پاکستان میں ایک پانچ سالہ برطانوی لڑکے کے اِغوا کے سلسلے میں پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے,اور تاوان کی کم سے کم ایک لاکھ 20ہزار ڈالر کی رقم بھی بازیاب کرلی ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ پولیس نے دو پاکستانی مَردوں اور رومانیہ کی ایک عورت کو منگل کے روز شمال مشرقی سپین کے شہر تارا گونا کے قریب کونسٹانٹی نامی قصبے میں گرفتار کیا تھا۔ ان میں سے دو نے پیرس میں تاوان کی رقم وصول کی تھی۔

باقی دو افراد کو پیرس میں گرفتار کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہ اُن مشتبہ افراد کے رشتے دار ہیں ، جنہیں سپین میں پکڑا گیا ہے۔ توقع ہے کہ جمعرات کے روز سپین کی کسی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ساحل سعید نامی برطانوی لڑکے کو منگل کے روز رہا کردیا گیا تھا۔ اُسے تقریباً دو ہفتے پہلے وسطی پاکستان میں اُس کے دادا اور دادی کے گھر سے وہ ڈاکو اُٹھا کر لے گئے تھے، جنہوں نے ڈاکے کے دوران گھر کے باقی لوگوں کو بندوقیں تان کر بے بس کیے رکھا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اُنہیں شبہ ہے کہ اِغوا کے واقعے میں ساحل کے خاندان کے افراد ملوّث ہوسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG