رسائی کے لنکس

صدر اوباما، شاہ عبداللہ کے درمیان ملاقات آج ہوگی


صدر اوباما، شاہ عبداللہ کے درمیان ملاقات آج ہوگی
صدر اوباما، شاہ عبداللہ کے درمیان ملاقات آج ہوگی

اردن کے شاہ عبداللہ منگل کو وہائٹ ہاؤس میں امریکہ کے صدر براک اوباما سے ملاقات کر رہے ہیں جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر غور کیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے ملاقات کا اعلان کرتے ہوئے وہائٹ ہائوس کے ترجمان جے کارنے نے کہا تھا کہ ملاقات میں زیرِ بحث آنے والے اہم موضوعات میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کا معاملہ سرِ فہرست ہوگا۔

واضح رہے کہ اردن، امن مذاکرات کی بحالی کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان رابطوں میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے جس میں اسے مشرقِ وسطیٰ کے معاملے پر قائم چار فریقی بین الاقوامی گروپ کا تعاون بھی حاصل ہے۔

مذکورہ گروپ امریکہ، اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور روس پر مشتمل ہے۔

ملاقات کا اعلان کرتے ہوئے وہائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اوباما انتظامیہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کے لیے شاہ عبداللہ کی کوششوں کو سراہتی ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز پر عمان میں اسرائیل اور فلسطین کے مذاکرات کاروں کے مابین ملاقاتوں کا اہتمام کرنے پر صدر اوباما نے شاہ عبداللہ کو ٹیلی فون کرکے مبارک باد دی تھی۔

جنوری کے آغاز میں ہونے والی یہ ملاقاتیں ستمبر 2010ء کے بعد فریقین کے مابین پہلا باقاعدہ رابطہ تھا جب فلسطینی مقبوضات پر صیہونی بستیوں کی تعمیر کے معاملے پر براہِ راست مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری دیگر بحرانوں بشمول ایران کےساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG