رسائی کے لنکس

تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں، اشفاق پرویز کیانی


پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کے تسلسل پر یقین رکھتے ہیں ،آئین میں واضح طور پر قومی اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین ہے اور تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔ عالمی برادری کو ہماری آزادی اور خودی مختاری کا احترام کرنا ہو گا۔

جی ایچ کیو راولپنڈ ی میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا مقصد صرف اور صرف عوام کی فلاح ہونا چاہیے۔آئین کے معاملات ایسے نبھائیں کہ ملک اور قوم کی عزت و وقار میں اضافہ ہو۔یہی واحد راستہ ہے جس سے ملکی سلامتی مزید مستحکم ہو گی۔ ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جس میں انصاف سب کیلئے برابر ہو۔ نظریہ پاکستان پر مکمل یقین سے ہی ہم سرخرو ہو سکتے ہیں۔ ملکی سا لمیت کا تحفظ ، خود ختاری کا دفاع ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن اورسلالہ چیک پوسٹ پر حملے میں ہمارے فوجیوں کو شہید کر دیا گیا لیکن قربانیوں کے باوجود بعض قوتوں نے ایک مہم کے تحت قوم کے عزم و حوصلے توڑنے کی کوشش کی،قوم کو ذہنی خلفشار میں مبتلا کیا گیا۔ لیکن پاکستان کے عوام کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتے ہیں۔مسلح افواج اپنی قوت اور عوام کی حمایت سے ملکی سلامتی کا تحفظ کرسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ گیاری کے بعد جس طرح عوام نے فوج سے اظہار یکجہتی کیا وہ قابل فخر ہے۔ زندہ قومیں اپنے شہدا پر فخر کرتی ہیں۔گیاری میں برف تلے دبے آخری جانباز کی تلاش تک جدوجہد جاری رہے گی۔

فوجی سربراہ نے کہا کہ قربانیوں کے باوجود ملک حالت جنگ میں ہے لیکن قوم کی دعاوٴں سے فوج اس امتحان میں کامیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ گیاری پر پوری قوم افسردہ ہے۔

XS
SM
MD
LG