رسائی کے لنکس

پاکستانی فوج کے سربراہ کا امریکی سینٹرل کمانڈ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ


جنرل کیانی اور جنرل پیٹریئس کے درمیان ملاقات (فائل فوٹو)
جنرل کیانی اور جنرل پیٹریئس کے درمیان ملاقات (فائل فوٹو)

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے میکڈل ایئر فورس بیس فلوریڈا میں امریکی سینٹرل کمانڈکے ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا اور کمانڈ کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریئس سے ملاقات کی ہے ۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے پیر کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات دونوں کمانڈروں نے انتہا پسندانہ تشدد کے انسداد کے لیے تعاون اور اشتراک بڑھانے اور متشدد انتہاپسندوں کے خلاف پاکستان کی اپنی جنگ کے لیے امریکی اعانت کی راہیں تلاش کرنے پر غور کے علاوہ پاکستانی فوج اور مشرقی افغانستان میں امریکی افواج کے روابط کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

جنرل پیٹریئس نے وادی سوات میں تحریک طالبان پاکستان کے خلاف شدید لڑائی کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور شورش کچلنے کے لیے پاکستان فوج کی متاثر کن مہم کے سلسلے میں جنرل کیانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ گذشتہ ماہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران سینٹرل کمان کے سربراہ نے سوات کا دورہ کیا اور علاقے میں پاکستان کے اقدامات کا مشاہدہ کیا تھا۔

بیان کے مطابق گذشتہ ہفتے کے اختتام پر جنرل کیانی نے سپیشل آپریشنز کے کمانڈر ایڈمرل ایرک اولسن سے بھی ملاقات کی اور میکڈل ایئرفیسٹیول میں امریکی بحریہ کا ”بلیو اینجلز“ نامی فضائی مظاہرہ دیکھا۔

XS
SM
MD
LG