رسائی کے لنکس

کراچی لٹریچر فیسٹیول علمی فضا سازگار بنا رہا ہے: امریکی قونصل جنرل


فیسٹیول پاکستان اور امریکا سمیت دنیا بھر کے فنکاروں، ادیبوں اور ماہرین کے درمیان رابطے بڑھانے میں بھی مددگار ہے۔ فیسٹیول علم و ادب اور فن کے شعبے میں تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کی بنیاد ثابت ہو رہا ہے

کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل، گریس شیلٹن نے کہا ہے ’’کراچی لٹریچر فیسٹیول پاکستان میں علمی و ادبی فضا کو سازگار بنانے اور خواندگی کی شرح بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اسی سبب، امریکی حکومت اس کے انعقاد میں مسلسل تعاون کرتی آئی ہے۔‘‘

قونصل جنرل گریس شیلٹن جمعہ کی شام کراچی کے بیچ لگژری ہوٹل میں منعقدہ سہ روز فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب میں فیسٹیول کی بانی اور روح رواں، امینہ سید اور آصف فرخی بھی موجود تھے۔

گریس نے بتایا کہ امریکی قونصل خانہ اس سال بھی فیسٹیول کا شریک سرپرست ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’فیسٹیول پاکستان اور امریکا سمیت دنیا بھر کے فنکاروں، ادیبوں اور ماہرین کے درمیان رابطے بڑھانے میں بھی مددگار ہے۔ فیسٹیول علم و ادب اور فن کے شعبے میں تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کی بنیاد ثابت ہو رہا ہے۔‘‘

کراچی لٹریچر فیسٹیول کے آغاز سے ہی امریکی حکومت اس کے انعقاد میں تعاون کر رہی ہے اور مسلسل دوسرے سال امریکی قونصل خانے نے امریکا سے ماہرین کو فیسٹیول میں شرکت کی غرض سے مدعو کیا ہے۔

رواں سال دو امریکی مقررین کے خطاب کے علاوہ قونصل خانے نے تین سیشن کے انعقاد کی سرپرستی کی ہے۔

XS
SM
MD
LG