رسائی کے لنکس

سیول: پیانگ یانگ کے درمیان عسکری مذاکرات


جنوبی کوریا نے تقریباً دوبرسوں کے دوران پہلی بار شمالی کوریا کے ساتھ عسکری معاملات پر مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔

جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کی طرف سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے فوجی حکام کے درمیان ملاقات Panmunjomقصبے میں ہورہی ہے جو شمالی و جنوبی کوریا کو منقسم کرنے والا ایک غیر فوجی علاقہ ہے۔

پیانگ یانگ نے رواں ماہ کے اوائل میں مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دی تھی۔ وہ جزیرہ نما کوریا کے مغربی ساحل سے متصل متنازع سمندری سرحد اور جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی طرف سے شمالی کوریا کے بارے میں مخالفانہ تحریری مواد سرحد پار تقسیم کرنے کے معاملات پر بات چیت کرنا چاہتا ہے۔

دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان رواں سال مارچ میں جنوبی کوریا کا ایک جنگی بحری جہاز غرق ہونے کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ اس واقعے میں 46 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور سیول نے اس کے لیے شمالی کوریا کو موردالزام ٹھہرایا تھا جسے پیانگ یانگ مسترد کرتاہے۔

شمالی کوریا نے حالیہ ہفتوں میں متعدد اقدامات سے کشیدگی کو کم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ اس نے اپنے ہاں قید ایک امریکی کوجس پر غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کا الزام تھا، رہا کیا۔ علاوہ ازیں اس نے ان ماہی گیروں کو بھی رہا کردیا جسے گزشتہ ماہ جنوبی کوریا کی ایک کشتی قبضے میں لینے کے بعد حراست میں لیاتھا۔

طرفین نے پیانگ یانگ کی طرف سے کوریائی جنگ میں منقسم ہونے والے خاندانوں کی ملاقات سے متعلق بات چیت بھی کی ہے۔ ان خاندانوں کے درمیان آخری ملاقات گزشتہ برس ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG