رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا کی جانب سے متنازعہ جزیرے پر فوجی مشق کا اعلان واپس


ساؤتھ کورین مرینز
ساؤتھ کورین مرینز

جنوبی کوریا کی جانب سے اس جزیرے پہ ہونے والی اپنی فوجی مشق منسوخ کردی گئی ہے جسے شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے اپنی بمباری کا نشانہ بنایا تھا۔

جنوبی کوریائی افواج کی جانب سے پیر کے روز یون پیونگ نامی جزیرے کے رہائشیوں کو منگل کو ہونے والی ایک فوجی مشق کے پیشِ نظر محفوظ مقامات پہ قائم بنکرز میں پناہ لینے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔

تاہم ہدایت کے کچھ ہی گھنٹوں بعد فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ میں فوجی مشق کے غیر معینہ مدت تک منسوخ کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔ جنوبی کوریائی فوجی حکام کے مطابق جزیرے پر فوجی مشق کا اعلان غلطی سے کردیا گیا تھا۔

یون پیونگ نامی جزیرہ جنوبی و شمالی کوریا کے درمیان متنازع تصور کی جانے والی مغربی سمندری سرحد کے نزدیک واقع ہے۔ شمالی کوریا کا دعویٰ ہے کہ جنوبی کوریا کے زیرِ انتظام موجود جزیرے کے گرد واقع سمندر اس کی حدود میں آتا ہے۔

گزشتہ منگل کے روز شمالی کوریا کی جانب سے جزیرے پر کی جانے والی بمباری میں دو فوجیوں سمیت چار جنوبی کوریائی باشندے ہلاک ہوگئے تھے۔ حملہ جزیرے پر کی جانے والی ایک فوجی مشق کے بعد کیا گیا تھا جس کے دوران جنوبی کوریائی افواج کی جانب سے متنازعہ تصور کیے جانے والے سمندر پر جزیرے سے گولہ باری کی گئی تھی۔

دریں اثناء جنوبی کوریا کے صدر لی میانگ بک نے خبردار کیا ہے کہ اگر شمالی کوریا نے ان کے ملک کے خلاف دوبارہ جارحیت کا ارتکاب کیا تو اسے اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

پیر کے روز قوم سے اپنے نشریاتی خطاب میں جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے شمالی کوریا کی جانب سے جزیرے پر فائر کیے گئے راکٹس ایک ایسے اسکول سے محض چند میٹر کے فاصلے پر گرے تھے جہاں حملے کے وقت کلاسیں جاری تھیں۔ انہوں نے شمالی کوریا کی قیادت کی سفاکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک معصوم شہریوں کی جانوں کے درپے ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے حملے کے بعد جنوبی کوریا کی جانب سے جزیرے پر مزید افواج کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ بھاری توپ خانہ اور راکٹ لانچرز بھی منتقل کردیے گئے ہیں۔ جبکہ شمالی کوریا کو مزید کسی جارحیت کے ارتکاب سے باز رکھنے کی غرض سے امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان جزیرے کے نزدیک واقع "یلو سی" کے کھلے پانیوں میں جاری فوجی مشق پیر کو مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہی۔

XS
SM
MD
LG