رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا متنازع سمندری حدود سے باہر رہے یا جنگ کا سامنا کرے: شمالی کوریا کی دھمکی


اگر جنوبی کوریا نے کمیونسٹ مخالف پراپیگنڈے کی اپنی نشریات شروع کیں تو ہم فائرنگ کرکےان کے لاؤڈ سپیکروں کو تباہ کردیں گے: شمالی کوریا

منگل کے روزشمالی کوریا نے دھمکی دی کہ اگر جنوبی کوریا نےجزیرے کے مغربی ساحل کے قریب اس کے پانیوں میں دراندازی کی تو وہ فوجی کارروائی کرے گا۔
دونوں ملکوں کے درمیان بحیرہ اصفر میں ایک متنازع سمندری سرحد پر، جہاں مارچ میں جنوبی کوریا کے ایک جنگی بحری جہاز کو تارپیڈو کے ایک حملے سے غرق کردیا گیاتھا، تناؤ موجود ہے۔ بین الاقوامی تفتیش کاروں کی ایک ٹیم نے گذشتہ ہفتے یہ نتیجہ اخذ کیاتھا کہ شمالی کوریا کی ایک آب دوز نے جہاز پر تارپیڈو فائر کیا تھا۔ پیانگ یانگ اس الزام کی تردید کرتا ہے۔
جنوبی کوریا، شمالی کوریا کی جانب سے اس دھمکی کے باوجود شمالی کوریا کے لیے پراپیگنڈے پر مشتمل اپنی نشریات دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کررہاہے کہ اگر جنوبی کوریا نے کمیونسٹ مخالف پراپیگنڈے کی اپنی نشریات شروع کیں تو وہ فائرنگ کرے گا اور ان کے لاؤڈ سپیکروں کو تباہ کردے گا۔
یہ نشریات جنوبی کوریا کے بحری جنگی جہاز کے ڈوبے کے ردعمل میں پیر کے روز جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باک کی جانب سے اعلان کردہ پابندیوں کے ایک سلسلے کا حصہ ہیں۔ دوسرے اقدامات میں دونوں کوریاؤں کے درمیان ہر قسم کی تجارت پر پابندی اور شمالی کوریا کے بحری جہازوں کے لیے جنوبی کوریا کے سمندری راستوں کو بند کرنا شامل ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے خبررساں ادارے کے ذریعے یہ پیغام شائع کیا ہے کہ وہ جنوبی کوریا کی جانب سے عائد پابندیوں کے جواب میں اس کے ساتھ اپنے تمام تعلقات اور بات چیت ختم کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG